لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، رانا ثنااللہ نے واضح کردیا

لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، رانا ثنااللہ نے واضح کردیا

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ مؤخر کئے جانے تک تحریک انصاف سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ 

 میڈیا رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ  کا کہنا تھا  کہ وفاقی دارالحکومت  میں کنٹینرز کو حفاظتی اقدامات کے طور پر رکھا گیا ہے،  کنٹینرسڑک کنارے پڑے ہیں اور سڑکیں کھلی ہوئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت سے بیک ڈور رابطے اب بھی ہیں، لانگ مارچ مؤخر کئے جانے تک ان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے ، اسلام آباد میں کسی کو بھی چڑھ دوڑنے کی اجازت نہیں۔

سابق وزیرداخلہ کا یہ بھی  کہناتھا کہ  لانگ مارچ سے متعلق صرف بیانات دیئے جارہے ہیں، عملی طورپرمارچ نہیں ہوگا ۔

 علاوہ ازیں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ  نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کا پولیس ایکٹ تبدیل کیا تو پارلیمنٹ اسے ختم کرسکتی ہے، یہ معاملہ آئینی عدالت میں بھی چیلنج ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صوبوں کی تقسیم میں ابھی بہت وقت ، انتظامی یونٹس یا بلدیاتی انتخابات کا معاملہ نکل سکتا ہے ، رانا ثناءاللہ

دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو توہین عدالت کے پہلے ملزم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ہونگے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بانی پی ٹی آئی کے لیے نہیں بلکہ اپنی کرسی بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، اگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو توہین عدالت کے پہلے ملزم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں ممکنہ دھرنے اور لانگ مارچ کی کال کے پیش نظر پنجاب پولیس نے سیکیورٹی کے بڑے پیمانے پر انتظامات شروع کردیئے ہیں۔

 ممکنہ احتجاجی قافلوں کی اسلام آباد آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کی جانب آنے والے اہم راستوں پر سیکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں، جبکہ موٹروے کے مختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی روکنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

editor

Related Articles