پولیس کو سیاسی باندی بنانا تحریک انصاف کا مقصد نہیں تھا،علی امین گنڈاپور

پولیس کو سیاسی باندی بنانا تحریک انصاف کا مقصد نہیں تھا،علی امین گنڈاپور

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے مجوزہ پولیس ریفارمز ایکٹ کے خلاف کھل کر میدان میں آگئے ہیں اور  تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو سیاسی باندی بنانا کبھی تحریک انصاف کا مقصد نہیں رہا، معلوم نہیں اب ایسا کیوں ہو رہا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران خیبرپختونخوا کے مجوزہ پولیس ایکٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی بنیادی پالیسی پولیس کو سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد رکھنا تھی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ماضی میں پولیس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرنے کی بات کی جاتی رہی تو اب ایسے اقدامات کیوں کیے جا رہے ہیں جن سے پولیس کے سیاسی استعمال کا تاثر پیدا ہو رہا ہے۔

علی امین گنڈاپور کے بیان کے مطابق تحریک انصاف کا مقصد پولیس کو کسی سیاسی جماعت یا حکومت کے تابع کرنا نہیں تھا، انہوں نے موجودہ قانون سازی کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر وضاحت ہونی چاہیے کہ مجوزہ تبدیلیوں کا مقصد کیا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے 23 ستمبر کو پولیس ایکٹ 2026 کے مسودے کی منظوری دی تھی، جس میں پولیس کے پالیسی، انتظامی، آپریشنل اور مالی معاملات میں صوبائی حکومت کے اختیارات بڑھانے کی تجاویز شامل ہیں۔

مجوزہ قانون پر وفاقی حکومت سمیت مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے اعتراضات بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ اس کی قانونی حیثیت اور پولیس کے کمانڈ ڈھانچے پر اثرات پر بھی بحث جاری ہے۔

علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ مجوزہ پولیس ایکٹ پر پی ٹی آئی کے اندر بھی سوالات اور تحفظات موجود ہیں دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے قانون میں تبدیلیوں کو انتظامی معاملات سے متعلق اقدام کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

اس معاملے پر سیاسی جماعتوں اور حکومتوں کے درمیان اختلاف رائے کے ساتھ قانونی بحث بھی جاری ہے، جبکہ مجوزہ قانون ابھی صوبائی اسمبلی کے مرحلے سے گزرنا باقی ہے۔

editor

Related Articles