نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے مختلف شناختی دستاویزات اور رجسٹریشن سے متعلق خدمات کی فیسوں کا نیا اسٹرکچر جاری کردیا ہے۔
نئے فیس شیڈول میں مختلف خدمات کے لیے نارمل، ارجنٹ اور ایگزیکٹو کیٹیگریز کے تحت الگ الگ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کا مقصد شہریوں کو شناختی دستاویزات کے حصول یا تجدید کے وقت قابل ادائیگی فیس سے متعلق درست معلومات فراہم کرنا ہے، تاکہ درخواست جمع کراتے وقت انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
فارم ب اور جووینائل کارڈ
بچوں کے لیے جاری کیے جانے والے فارم ب، یعنی چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (CRC)، کی نارمل فیس 50 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس سروس کے لیے ارجنٹ کیٹیگری دستیاب نہیں جبکہ ایگزیکٹو سروس کی فیس 500 روپے رکھی گئی ہے۔
اسی طرح جووینائل کارڈ کے حصول کے لیے نارمل سروس کی فیس 750 روپے، ارجنٹ کیٹیگری کی فیس 1500 روپے اور ایگزیکٹو سروس کے لیے 2500 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔
قومی شناختی کارڈ کی فیس
قومی شناختی کارڈ بنوانے والے شہریوں کے لیے بھی مختلف کیٹیگریز کے تحت فیس مقرر کی گئی ہے۔ نادرا کے مطابق پہلی مرتبہ قومی شناختی کارڈ بنوانے کی نارمل سروس مفت رکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :بزرگ شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری،نادرا کی 4 بڑی سہولیات کا اعلان
تاہم، اگر شہری ارجنٹ بنیادوں پر پہلی مرتبہ شناختی کارڈ حاصل کرنا چاہیں تو انہیں 1150 روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ ایگزیکٹو کیٹیگری کے لیے فیس 2150 روپے مقرر ہے۔
اسمارٹ قومی شناختی کارڈ کے لیے نارمل سروس کی فیس 750 روپے، ارجنٹ سروس کی 1500 روپے اور ایگزیکٹو کیٹیگری کی فیس 2500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے نائیکوپ
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نیشنل آئی ڈی کارڈ فار اوورسیز پاکستانیز (NICOP) کی فیس مختلف زونز کے حساب سے مقرر کی گئی ہے۔
امریکا، یورپ اور آسٹریلیا پر مشتمل زون اے میں نائیکوپ کی نارمل فیس 39 ڈالر، ارجنٹ فیس 57 ڈالر اور ایگزیکٹو سروس کی فیس 75 ڈالر ہے۔
مشرق وسطیٰ، افریقا اور دیگر ایشیائی ممالک پر مشتمل زون بی کے لیے نارمل فیس 20 ڈالر، ارجنٹ 30 ڈالر اور ایگزیکٹو کیٹیگری کی فیس 40 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان اوریجن کارڈ
غیر ملکی شہریوں یا پاکستانی نژاد افراد کے لیے پاکستان اوریجن کارڈ (POC) کی فیس بھی مختلف کیٹیگریز میں مقرر کی گئی ہے۔
نادرا کے جاری کردہ فیس اسٹرکچر کے مطابق POC کی نارمل سروس کے لیے 150 ڈالر، ارجنٹ سروس کے لیے 200 ڈالر اور ایگزیکٹو کیٹیگری کے لیے 250 ڈالر فیس مقرر ہے۔
شہری فیس کیسے معلوم کریں؟
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شناختی دستاویزات کے حصول سے قبل متعلقہ سروس کی تازہ فیس ضرور چیک کریں، کیونکہ مختلف خدمات اور کیٹیگریز کے حساب سے قابل ادائیگی رقم مختلف ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :فوت شدہ افراد کا شناختی کارڈ بغیر فیس کیسے منسوخ کروائیں؟ نادرا نے طریقہ بتا دیا


