پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے اپنی بیمار بہن کی عیادت کیلئے لندن کی ایمبیسی سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزا جاری کرنے کی اپیل کردی ۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے یہ اپیل ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
اداکارہ میرا کا اپنے ویڈیو بیان میں کہناتھا کہ میں اس وقت نیویارک میں ہوں ، لندن ایمبیسی اور پاکستانی حکام سے اپیل کرتی ہوں کہ میری بہن شائستہ عباس کینسر کی آخری سٹیج پر ہیں ، میری والدہ شفقت بیگم اور بھائی سید حسین عباس لندن میں ہیں ، میں اپنی بہن شائستہ سے ملنا چاہتی ہوں ، مجھے ویزا جاری کیا جائے، مجھے انسانی ہمدردی کے ناطے ویزا جاری کیا جائے ۔
اداکارہ نے اپنی درخواست براہِ راست برطانوی وزیراعظم، سیکرٹری خارجہ اور پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے نام بھی بھیجی ہے۔
انہوں نے حکام سے استدعا کی کہ موجودہ نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی ویزا درخواست پر ہمدردانہ بنیادوں پر غور کیا جائے۔
واضح رہے کہ اداکارہ میرا کو ماضی میں بھی ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا ہے، جس کے باعث وہ کئی سال سے لندن کا سفر نہیں کر سکیں تاہم اس بار انہوں نے اپنی بہن کی سنگین طبی حالت کے پیش نظر ایک بار پھر انسانی بنیادوں پر اپیل کی ہے۔
اداکارہ کے اس جذباتی پیغام پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور بیشتر افراد امید ظاہر کر رہے ہیں کہ برطانوی حکام ان کی درخواست پر جلد مثبت فیصلہ کریں گے۔