ہالی وڈ اسٹار ٹام کروز کی نئی فلم ’ڈگر‘ کے لندن پریمیئر میں شاہی جوڑے کی شرکت نے تقریب کی رونق بڑھا دی۔
فلم کی عالمی ریلیز سے قبل لندن کے لیسٹر اسکوائر میں ہونے والے پریمیئر میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے فلم کی ٹیم اور دیگر مہمانوں سے ملاقات کی۔
تقریب کے لیے شہزادی کیٹ نے جامنی رنگ کا خوبصورت گاؤن زیب تن کیا، جبکہ ان کے گلے میں موجود ہار نے بھی توجہ حاصل کی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق یہ ہار ملکہ مادر کے مشہور ایمیتھسٹ ہار سے منسوب کیا جارہا ہے۔
پریمیئر کے دوران ٹام کروز نے شہزادی کیٹ سے ملاقات کی اور بلیک کارپٹ پر ان سے گفتگو بھی کی۔ فلم کے ہدایت کار الیخاندرو گونزالیز انیاریتو سمیت فلم سے وابستہ دیگر اہم شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔
فلم کے پریمیئر میں سابق انگلش فٹبالر ڈیوڈ بیکھم بھی اپنے بیٹوں کے ہمراہ شریک ہوئے، جس کے باعث تقریب میں ہالی وڈ اور برطانوی شوبز کی معروف شخصیات کی موجودگی نمایاں رہی۔
’ڈگر‘ میں ٹام کروز کا منفرد کردار
فلم ’ڈگر‘ میں ٹام کروز ایک ایسے کردار میں نظر آئیں گے جسے انہوں نے خود تخلیق کیا ہے۔فلم کی ہدایت کاری الیخاندرو گونزالیز انیاریتو نے کی ہے۔ ٹام کروز کے مطابق فلم میں ان کا کردار کسی حقیقی شخصیت پر مبنی نہیں۔ فلم ’ڈگر‘ امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک کے سینما گھروں میں 2 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔