لودھراں (مشتاق بھٹہ) ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے 879 طلباء میں آئی ٹی کورسز کے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ گریجویٹ اسلامیہ کالج، کوپر روڈ لاہور میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں لاہور کے 7 سرکاری تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلباء نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران اُن 879 طلباء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جنہوں نے ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے قائم کردہ ICT Labs کے سمر پروگرام کے تحت اپنے کورسز کامیابی سے مکمل کیے۔ ان کمپیوٹر لیبز کا قیام جہانگیر خان ترین کے وژن اور مالی معاونت کی بدولت ممکن ہوا۔
سمر پروگرام کے دوران طلباء کو ایم ایس آفس اینڈ ایپس مینجمنٹ اور گرافک ڈیزائننگ کے کورسز کروائے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 1375 طلباء نے ان لیبز کے ذریعے اپنے آئی ٹی سفر کا آغاز کیا۔
ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے لاہور کے سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء کو جدید آئی ٹی سہولیات اور عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے اب تک 11 کمپیوٹر لیبز قائم کی جا چکی ہیں، جن پر 100 ملین روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔
یہ لیبز طلباء کو نہ صرف تعلیمی اوقات کے دوران بلکہ چھٹی کے بعد بھی دستیاب رہتی ہیں، تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں اور اپنی ڈیجیٹل مہارتوں کو مزید بہتر بنا سکیں۔
ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا اور انہیں مستقبل کے تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع کے لیے تیار کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اکبر خان نے کہا کہ جہانگیر خان ترین کی جانب سے آئی ٹی تعلیم کے فروغ کے لیے کمپیوٹر لیبز کا قیام ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز احسن مختار بھی موجود تھے۔