کرم ویلی میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی، جس کے دوران 13 دہشتگرد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق ایم آئی، ایف سی آئی یو، سی آئی سی ای اور ڈبلیو آئی سی ای کی انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کرم ویلی میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا، جس کے بعد دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی منصوبہ بندی کی گئی۔
انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کرم ویلی کے عمومی علاقے آر سی میں آپریشن ترتیب دیا گیا۔ کارروائی کے دوران مقصود باغ میں دہشتگردوں کے ایک گروہ کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
25 ستمبر 2026 کو دہشتگردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔ دہشتگردوں کی جانب سے دور سے فائرنگ اور اسنائپر فائر بھی کیا گیا، جس کے بعد مقصود باغ میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مزید سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا۔
سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید جھڑپ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں نے علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز کی پوزیشنز سے کی جانے والی کارروائی کے نتیجے میں انہیں ہلاک کردیا گیا۔
کارروائی کے نتیجے میں 13 دہشتگرد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق 2 ہلاک دہشتگردوں کی لاشیں ہتھیاروں سمیت برآمد کی گئیں، جبکہ دہشتگردوں کا مکمل ٹھکانہ بھی جلا دیا گیا۔
کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا۔