اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایک پاکستانی صحافی نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے بھارت پر ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات سے متعلق سخت سوالات کیے۔
بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر کے اختتام پر پاکستانی صحافی نے جے شنکر سے سوال کیا کہ کیا بھارت سکھ رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں اپنے مبینہ کردار کے ساتھ ساتھ پاکستان میں پراکسی عناصر کے ذریعے دہشتگرد کارروائیوں کی مالی معاونت اور انہیں منظم کرنے سے متعلق الزامات کا بھی جواب دے گا۔
صحافی نے کہا کہ سرحد پار دہشتگردی کے نتیجے میں ہزاروں پاکستانی شہری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ ان کے مطابق بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد پر مشتمل ڈوزیئرز اقوام متحدہ میں باضابطہ طور پر جمع کرائے جاچکے ہیں۔
صحافی نے بھارتی وزیر خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کی ہدایت دینے کے الزامات کے باوجود وزیر خارجہ کے منصب پر فائز ہونا باعثِ شرم ہے۔
پاکستانی سکیورٹی اداروں کے مطابق ملک میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے سے ایسے آپریشنل نمونے سامنے آتے ہیں جن میں بیرونی انٹیلی جنس نیٹ ورکس کے ذریعے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور تخریبی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔
پاکستانی مؤقف کے مطابق افغان سرزمین پر قائم مبینہ محفوظ پناہ گاہوں سے بھارتی حمایت یافتہ عسکریت پسند عناصر شہری انفراسٹرکچر، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور علاقائی ترقیاتی منصوبوں کو نشانہ بنانے کے لیے کارروائیاں کرتے ہیں۔
پاکستانی سکیورٹی اداروں کے مطابق مختلف ڈوزیئرز اور سکیورٹی جائزوں میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ غیر ملکی انٹیلی جنس ایجنسیاں پراکسی نیٹ ورکس کو مالی وسائل اور جدید ہتھیار فراہم کرتی ہیں، جبکہ انہیں پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ اور تخریبی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
پاکستانی مؤقف کے مطابق اس نوعیت کی کارروائیوں کا مقصد ملک میں بدامنی، داخلی انتشار اور نسلی کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہائی پروفائل حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے، جس کا مقصد ریاستی استحکام کو متاثر کرنا اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں سے حاصل ہونے والی پیش رفت کو نقصان پہنچانا ہے۔
ریاستی اداروں کے مطابق پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف حکمت عملی میں بیرونی مداخلت کے راستوں کو روکنے، مقامی سہولت کار نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور دہشتگرد عناصر کو فراہم کی جانے والی مالی و لاجسٹک معاونت کا خاتمہ شامل ہے۔