اٹک پل پر سڑک کی رکاوٹیں ہٹانے اور اس دوران ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد نے اٹک پل پر تحریک انصاف کے متوقع احتجاج کو روکنے کے لئے لگائے گئی رکاوٹیں اور کیلیں ہٹائیں، اور رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے ٹک ٹاک بنتے رہے جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث 8 افراد کو پنجاب پولیس نے حراست میں لے ہے اور تمام افراد پولیس کی تحویل میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق تحریک انصاف سے بتایا گیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر دن بھر وائرل رہی۔
یاد رہے کہ کل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چند افراد کو تحریک انصاف کے متوقع لانگ مارچ کو روکنے کے لئے اٹک پل پر لگائی گئی رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سیاسی کمیٹی نے اتفاق کیا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا، جبکہ 5 اکتوبر کو بانی کی سالگرہ کے موقع پر یوم فتح منایا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سیاسی کمیٹی میں تمام معاملات پر مشاورت کی گئی اور کمیٹی اس بات پر متفق ہوئی ہے کہ لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد آئین کی بحالی کے لیے ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جب کسی کی شنوائی نہ ہو تو پرامن احتجاج کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ارکان اور کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا ہے، تاہم ہمارا سیاسی مقابلہ ہے اور ہم سیاسی لوگ ہیں، ہم نے پہلے بھی پرامن جدوجہد کی تھی اور اب بھی کریں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ 4 اکتوبر کا لانگ مارچ پرامن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے مطابق بعض عناصر خیبرپختونخوا کو پاکستان سے الگ کرنے کی سازش کر رہے ہیں، وہ عوامی مینڈیٹ سے نہیں آئے بلکہ مسلط کیے گئے ہیں۔