ڈیرہ اسماعیل خان: امان میلہ پولیس چیک پوسٹ پر خودکش دھماکہ ، 11 افراد شہید

ڈیرہ اسماعیل خان: امان میلہ پولیس چیک پوسٹ پر خودکش  دھماکہ ،  11 افراد شہید

خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال میں دن بدن بدتری آتی جارہی ہے اور دہشتگردوں کی کاروائیوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب صوبائی حکومت کی ترجیح صوبے میں امن و امان کی بحال کے لئے پولیس کے ساتھ ملکر حکمت عملی بنانے کی بجائے اسے اپنی ماتحت ٹائیگر فورس بنانے پر مرکوز ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد شہید جبکہ پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق دھماکا ڈی آئی خان-کوئٹہ روڈ پر واقع انسدادِ اسمگلنگ ’امن میلہ پولیس چیک پوسٹ‘ پر ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بارود سے بھری گاڑی (VBIED) انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ سے ٹکرائی گئی، جس کے بعد انتہائی شدید نوعیت کا دھماکا ہوا۔

ذرائع کے مطابق دھماکے میں مجموعی طور پر 11 افراد نے جامِ شہادت نوش کیا، جن میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ای سی او‘ وزرائے کونسل کی صدارت پاکستان کے سپرد، علاقائی ترقی کی راہ میں افغان دہشتگردی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث شہداء کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر حملے کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر، خصوصاً اسمگلرز، کے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خوارج کی جانب سے ایک بار پھر سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب مقامی لوگوں میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے لاتعلقی اور بے حسی پر شدید غصہ اور بے چینی پائی جاتی ہے، ذرائع کا کہنا ہے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

Related Articles