آغا مصطفیٰ نے ڈرامہ انڈسٹری کا اہم مسئلہ بے نقاب کردیا

آغا مصطفیٰ نے ڈرامہ انڈسٹری کا اہم مسئلہ بے نقاب کردیا

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ اداکار آغا مصطفیٰ نے کام کا معاوضہ بروقت نہ ملنے پر شکوہ کرتے ہوئے انڈسٹری کے ایک اہم مسئلے پر آواز اٹھا دی۔

حال ہی میں اداکار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ فنکاروں کو کئی مرتبہ کام مکمل کرنے کے باوجود اپنے معاوضے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔ آغا مصطفیٰ نے کہا کہ ڈرامہ انڈسٹری کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ فنکاروں کو وقت پر معاوضہ نہیں دیا جاتا۔

اداکار نے اپنے کسی ڈرامے کا نام لیے بغیر بتایا کہ ان کا ایک ڈرامہ جون میں ختم ہوگیا تھا، لیکن ستمبر گزرنے کے باوجود انہیں اس کام کے پیسے نہیں ملے اور نہ ہی معاوضے کے حوالے سے کوئی واضح جواب دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جس اداکار نے ریمبو بن کر جنگ لڑی، وہ آج جنگ کا مخالف کیوں ہے

ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ صرف ان کے ساتھ نہیں بلکہ کئی دوسرے فنکاروں کے ساتھ بھی پیش آتا ہے۔ آغا مصطفیٰ کے مطابق جب تک کوئی فنکار ہانیہ عامر، وہاج علی، فواد خان یا صبا قمر جیسے بڑے اسٹارز کی صف میں شامل نہ ہو، اسے اپنے معاوضے کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے۔

آغا مصطفیٰ نے اپنی مالی ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق اسلام آباد سے ہے جہاں ان کے والدین اور خاندان رہتے ہیں، جبکہ وہ خود کام کے سلسلے میں کراچی میں مقیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھر کا کرایہ، بجلی کے بل اور دیگر اخراجات سمیت بہت سی مالی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔ اگر وہ اپنے گھر میں کام کرنے والے ملازمین کو وقت پر معاوضہ ادا کرتے ہیں تو پھر ان کے اپنے کام کی رقم بھی وقت پر ملنی چاہیے۔

اداکار نے مزید دعویٰ کیا کہ جب وہ اپنے معاوضے کے لیے آواز اٹھاتے ہیں تو بعض لوگ انہیں انڈسٹری میں شکایت کرنے والا قرار دیتے ہیں اور مبینہ طور پر دوسروں سے کہتے ہیں کہ انہیں مزید کام نہ دیا جائے۔ آغا مصطفیٰ کی ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر فنکاروں کو بروقت معاوضہ دینے اور ان کے مالی حقوق کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی ہے۔

editor

Related Articles