بنکاک میں 300 ملی میٹر بارش سے سیلابی صورتحال ، 2 روزہ تعطیل کا اعلان

بنکاک میں 300 ملی میٹر بارش سے سیلابی صورتحال ،  2 روزہ تعطیل کا اعلان

تھائی لینڈ کی کابینہ نے شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر دارالحکومت بنکاک اور اس کے گردونواح کے تین صوبوں میں سرکاری ملازمین کے لیے 28 اور 29 ستمبر کو خصوصی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیر اعظم اور وزیر داخلہ انوتین چارنویراکول نے اتوار کو کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد بتایا کہ یہ تعطیلات بنکاک کے ساتھ نونتھابوری، پتھم تھانی اور سموت پراکان میں نافذ ہوں گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد شہریوں کی آمدورفت کم کرنا اور بارشوں سے پیدا ہونے والی ٹریفک اور سفری مشکلات میں کمی لانا ہے تاہم جو اہم سرکاری امور ان دنوں میں طے شدہ ہیں، وہ متعلقہ اداروں کے سربراہان کی صوابدید پر جاری رہ سکتے ہیں۔

48 گھنٹوں میں تقریباً 300 ملی میٹر بارش

بنکاک میٹروپولیٹن ایڈمنسٹریشن نے ہفتے کو شہر کے تمام 50 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا تھا،  48 گھنٹوں کے دوران تقریباً 300 ملی میٹر (12 انچ) بارش ہوئی، جس سے مرکزی سڑکیں زیر آب آ گئیں اور کئی گاڑیاں جزوی طور پر ڈوب گئیں۔

اتوار کو بارش کی شدت کم ہونے پر کئی علاقوں میں پانی اترنے لگا، مگر بعض محلوں کے مکین اب بھی اپنے گھروں میں پھنسے رہے ، شہر کے مشرقی اور شمالی حصوں میں، خصوصاً ڈون مؤنگ ایئرپورٹ کی جانب جانے والے راستوں اور شہر کے مرکز میں پھیتبوری روڈ پر، متعدد سڑکیں تاحال ناقابلِ گزر ہیں۔ لات کرابانگ، نونگ چوک اور من بوری جیسے مشرقی علاقوں میں صورتحال زیادہ سنگین بتائی جا رہی ہے۔

حکومتی اقدامات

وزیر اعظم انوتین نے صوبائی گورنروں کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کی کڑی نگرانی کی جائے، عملہ، مشینری اور گاڑیاں فوری طور پر تعینات کی جائیں اور ضرورت پڑنے پر علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر محکمہ انسدادِ آفات سے اضافی ہنگامی فنڈز مانگے جائیں۔ حکومت متاثرین کے لیے عارضی پناہ گاہیں، خوراک، امدادی سامان اور طبی سہولیات بھی تیار کر رہی ہے۔

اتوار کی شام وزیر اعظم نے بینگ کاپی ضلع کے علاقے کھلونگ چان کا دورہ کیا اور کشتی کے ذریعے وہاں کے فلیٹس کے رہائشیوں میں امدادی تھیلے تقسیم کیے، جہاں اردگرد پانی تقریباً ڈیڑھ میٹر گہرا تھا۔ وہاں کے رہائشیوں نے حکومتی کارکردگی پر ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا۔

 طوفانی بارشوں سے ائیرپورٹ پر سیلابی صورتحال 

بینکاک میں طوفانی بارشوں سے ائیرپورٹ پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس سے کراچی آنے والی پرواز TG-341 غیرمعمولی تاخیر کا شکار ہوئی.

پرواز تاحال بینکاک ائیرپورٹ سے کراچی روانہ نہیں ہوسکی. تھائی ائیر کی پرواز 8 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی.پرواز کے تھائی لینڈ سے نہ پہنچنے پر کراچی ایئرپورٹ سے کینیکٹنگ پروازوں مسافروں کو  مشکلات کاسامنا ہوا. کئی مسافروں کی ملائشیا کی کینیکٹنگ پروازیں چھوٹ گئیں.

آئینی عدالت کا اہم مقدمہ 

تعطیلات کے اعلان سے تھائی لینڈ کی آئینی عدالت میں پیر کو ہونے والی ایک اہم سماعت اور فیصلے کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا یہ مقدمہ محتسب کی درخواست پر فروری کے عام انتخابات میں استعمال ہونے والے بیلٹ پیپرز پر چھپے بار کوڈ اور کیو آر کوڈ سے متعلق ہے۔

تاہم آئینی عدالت نے واضح کر دیا ہے کہ کارروائی طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی ہوگی،  عدالت کے مطابق سماعت پہلے سے مقرر تھی، فریقین کو آگاہ کیا جا چکا تھا، اور تاریخ بدلنے سے دیگر مقدمات کا شیڈول متاثر ہوتا۔ شیڈول کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے ججوں کی رائے شماری ہوگی اور دوپہر دو بجے فیصلہ سنایا جائے گا، جو عدالت کی ویب سائٹ پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

بنکاک کا نظام

ماہرین کے مطابق دو دن میں 300 ملی میٹر سے زائد بارش نے بنکاک کے نکاسیٔ آب کے نظام کی حدود کو بے نقاب کر دیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ  تھائی لینڈ میں سمندری سطح بلند اور مون سون ہوائیں تیز ہونے کی وجہ سے پانی کے اخراج میں مزید رکاوٹ آئی ،  ماہرین نے بدترین صورتحال کو مدِنظر رکھ کر منصوبہ بندی اور پیشگی انتباہی نظام بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔

editor

Related Articles