اولاد کے رویے سے تنگ بزرگ میاں بیوی نے نہر میں چھلانگ لگادی

اولاد کے رویے سے تنگ بزرگ میاں بیوی نے نہر میں چھلانگ لگادی

بہاولپور میں اولاد کے مبینہ ناروا رویے سے تنگ بزرگ میاں بیوی نے نہر میں چھلانگ لگا دی خاتون کو بچا لیا گیا جبکہ 75 سالہ بزرگ کی لاش ایک روز بعد نہر سے برآمد کرلی گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اہلکاروں نے نہر میں سرچ آپریشن شروع کیا ریسکیو کارروائی کے دوران بزرگ خاتون کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم ان کے شوہر لاپتا ہوگئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے بزرگ شہری کی تلاش جاری رکھی اور ایک روز بعد ششماہی نہر سے 75 سالہ شخص کی لاش برآمد کرلی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ اولاد کی جانب سے جائیداد کی تقسیم کے معاملے پر ہونے والے مبینہ لڑائی جھگڑے اور گھریلو تنازع کو بتایا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی وجوہات کا تعین پولیس کی تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں:11 ماہ بعد بڑا فیصلہ، نیپرا نے بجلی صارفین کے دل جیت لیے

دوسری جانب بزرگ میاں بیوی کے بیٹوں نے پولیس کو دیے گئے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کے والدین کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔

واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ بزرگ جوڑے کے نہر میں چھلانگ لگانے کی اصل وجہ کیا تھی اور واقعے سے قبل گھر میں کیا حالات تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ جاں بحق ہونے والے بزرگ کی لاش ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردی گئی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles