وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے قومی اسمبلی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے اندر فارورڈ بلاک بننے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے استعفوں کا فیصلہ کیا تو قومی اسمبلی کے 40 سے زائد ارکان اس فیصلے کا ساتھ نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ناکام ہو چکی ہے اور اس جماعت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق لوگ پی ٹی آئی کی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 40 ارکان استعفے نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان استعفے دینے کے بعد ہمیشہ پچھتائے ہیں اور جماعت اپنے ہی ارکان میں غیر مقبول ہو چکی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی فارورڈ بلاک بننے کے امکانات نمایاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی کب تک فتنہ و فساد اور انتشار کی سیاست کا ساتھ دے سکتا ہے۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کے حکم نامے پر دستخط کیے جانے کی اطلاع دی گئی تھی، جس کے بعد سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کو تحویل میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔