سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے زیارت کے جنوب میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، مواصلاتی آلات، پاکستانی و افغان سمز اور مختلف شناختی کارڈز سمیت اہم دستاویزات برآمد کی گئیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق کوئٹہ سیکٹر کے انٹیلی جنس اہلکاروں نے شعبان کے علاقے اور قومی شاہراہ این-50 کے درمیان سرگرم خوارج دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور انہیں رسد پہنچانے کے طریقۂ کار کا سراغ لگایا تھا۔ انٹیلی جنس معلومات کی تصدیق کے بعد زیارت کے جنوب میں ہدف کے تعین کے ساتھ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) ترتیب دیا گیا۔
موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش
آپریشن کے دوران دوپہر تک مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور گھیراؤ کی پوزیشنیں قائم کر لی گئی تھیں۔ شام پانچ بجے سیکیورٹی ٹیموں نے موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے دو دہشت گردوں کو روکنے کی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہوگیا۔
اسلحہ اور مواصلاتی آلات برآمد
کارروائی میں ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک ایم فور رائفل بمعہ دوربین، گولہ بارود کے 182 راؤنڈز اور ایک دستی بم برآمد ہوا۔ اس کے علاوہ دو موٹرولا وائرلیس سیٹس، دو اسمارٹ فونز، آٹھ پاکستانی سم کارڈز، پانچ افغان سم کارڈز اور دو میموری کارڈز بھی تحویل میں لیے گئے۔
پاکستانی اور افغان شناختی دستاویزات بھی ملیں
برآمد شدہ دستاویزات میں عبدالرحمٰن ولد محمد داؤد، ساکن کچلاک کے نام سے ایک پاکستانی قومی شناختی کارڈ شامل ہے۔ اس کے ساتھ امارتِ اسلامیہ افغانستان کا ایک شناختی کارڈ، دارالعلوم قندھار کا ایک شناختی کارڈ اور حکومتِ بلوچستان کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا ایک کارڈ بھی ملا۔ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک ٹیکٹیکل پاؤچ بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ کارروائی دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور رسدی سرگرمیوں سے متعلق حاصل ہونے والی مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔ فرار ہونے والے دہشت گرد کی گرفتاری سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔