ارض وطن کے دشمنوں کو خاک میں ملانے کا مشن جاری ہے ، بلوچستان کے ضلع چاغی میں سیکیورٹی فورسزنے بڑا آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع چاغی کے دشوار گزار اور سنگلاخ پہاڑی علاقے دگنان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک پیچیدہ اور منظم آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور غاروں تک رسائی حاصل کی ، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ بڑی تعداد میں دہشت گرد زخمی ہوئے۔
دہشتگرد ٹھکانے تباہ
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے اور پناہ گاہیں بھی تباہ کر دی گئیں جبکہ پورے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، دہشتگردوں پر فورسز کی جانب سے بھرپور وار کیا گیا۔
اس کارروائی نے دہشت گردوں کی موجودگی اور آپریشنل صلاحیت کو شدید دھچکا پہنچایا ہے اور یہ واضح کر دیا کہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور دراز غاروں کو دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دیا جائے گا۔
زیرو ٹالرنس پالیسی
سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر دوٹوک مؤقف دیا ہے کہ دہشت گردی کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی برقرار رہے گی ، امن، شہریوں کے تحفظ اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پیغام واضح ہےکہ دہشت گردی کے لیے کوئی رعایت نہیں، ان کیلئے کوئی محفوظ ٹھکانہ نہیں دیا جائے گا ہے ، فورسز کا کہنا ہے کہ امن کے دشمنوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔