گوگل نے کروم ویب براؤزر استعمال کرنے والوں کے تحفظ کے لیے نیا سیکیورٹی فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین کو مشتبہ اور خطرناک ویب سائٹس کھولنے سے پہلے خبردار کیا جائے گا۔
اس فیچر میں کروم کا 2 مرحلوں پر مشتمل وارننگ سسٹم استعمال کیا جائے گا، جسے گوگل نے 2024 میں فائل ڈاؤن لوڈز کے تحفظ کے لیے متعارف کرایا تھا۔ یہ سسٹم ممکنہ طور پر مشتبہ یا خطرناک فائلوں کے بارے میں صارفین کو آگاہ کرتا ہے۔
گوگل کے مطابق، اگر سسٹم کسی ویب سائٹ میں اسکیم یا میل ویئر سے منسلک خطرناک ویب سائٹس جیسی علامات محسوس کرے گا تو اسے مشتبہ قرار دے کر صارف کو الرٹ جاری کیا جا سکتا ہے۔
نئے نظام میں خطرے کی نوعیت کے مطابق مختلف وارننگز دکھائی جائیں گی۔ صارفین کو مشتبہ ویب سائٹس پر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی جائے گی، جبکہ انتہائی خطرناک ویب سائٹس کے لیے زیادہ نمایاں وارننگ دکھائی جائے گی۔
یہ الرٹس ڈیسک ٹاپ اور موبائل دونوں پر پاپ اپ کی صورت میں نظر آسکتے ہیں۔ بعض وارننگز میں ویب سائٹ کو محفوظ قرار دینے کا آپشن بھی ہوگا، تاہم زیادہ خطرناک ویب سائٹس کی وارننگ کو نظر انداز کرنا مشکل بنایا جائے گا۔
دوسری جانب، گوگل جیمنائی مصنوعی ذہانت کی مدد سے فراڈ کی شناخت کے نظام کو بھی بہتر بنانے پر کام کر رہا ہے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔