خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جنگ تیز کرنے کی تیاری، پولیس کے لیے اربوں روپے جاری

خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جنگ تیز کرنے کی تیاری، پولیس کے لیے اربوں روپے جاری

خیبر پختونخوا حکومت نے دہشتگردی کے خلاف اقدامات، پولیس کو جدید اسلحے سے لیس کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے 5 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق مالی سال 2026-27 کے دوران پولیس کے جاری منصوبوں کے لیے واجب الادا فنڈز موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر جاری کیے گئے ہیں۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کے 9 منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 1.036875 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ایکسلریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام (اے آئی پی) کے تحت اسکیموں کے لیے 4.2675 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

اسی طرح مخصوص اضلاع میں پولیس کی تکنیکی استعداد بہتر بنانے کے لیے 1.8675 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔ پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے لیے الگ الگ 1.2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

صوبے کے ہر تحصیل اور ٹاؤن ہیڈکوارٹر میں ماڈل پولیس اسٹیشنز کی تعمیر اور فزیبلٹی اسٹڈیز کے لیے 27 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس اسٹیشنوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبوں کے لیے بھی مزید 27 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: والد کی شہادت پر فخر ہے، پولیس میں بھرتی ہو کر خوارج سے لڑوں گا، شہید ایس ایچ او افضل خان کے بیٹے کا عزم

سی ٹی ڈی کے علاقائی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر اور فزیبلٹی اسٹڈیز کے لیے 18 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔ اسی رقم کے 18 ملین روپے صوبے بھر میں پولیس کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

چارسدہ میں تھانہ مندنی کی تعمیر کے لیے 30 ملین روپے جبکہ مردان میں 5 پولیس چوکیوں کی تعمیر کے لیے 15 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں ضلعی سطح پر سی ٹی ڈی کے دفاتر قائم کرنے اور پشاور میں سی ٹی ڈی کے علاقائی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر کے لیے مزید 604.8 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پشاور میں موجودہ ایف آر پی پولیس لائنز کی عمارت کی بحالی، ساختی مرمت، تبدیلی اور توسیع کے لیے 188.7 ملین روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

ٹانک میں پولیس لائنز کے لیے زمین کے حصول سے متعلق عدالت کی جانب سے مقرر کردہ واجبات کی ادائیگی کے لیے بھی 47 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کسی سیاسی جماعت کا نہیں، سب کی بقا کا مسئلہ ہے، پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید وسائل دینا ہونگے ، ثمر ہارون بلور

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق تمام فنڈز متعلقہ منصوبوں پر مقررہ طریقہ کار اور طے شدہ مدت کے اندر خرچ کیے جائیں گے۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کو مضبوط بنانے اور ان کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

صوبائی پولیس سربراہ نے کہا کہ پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

Related Articles