پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمان فاطمہ کے درمیان علیحدگی کا معاملہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد دونوں کے درمیان ازدواجی تنازع شدت اختیار کرگیا، جبکہ اب جہیز کی واپسی اور نان نفقے سے متعلق اہم تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔
رجب بٹ خاندانی وی لاگز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے یوٹیوبر ہیں، تاہم حالیہ عرصے میں وہ مختلف تنازعات کے باعث بھی خبروں میں رہے ہیں۔
دستیاب رپورٹ کے مطابق رجب بٹ کی جانب سے ایمان فاطمہ کو طلاق کے نوٹس بھیجے گئے، جبکہ ایمان فاطمہ نے اپنے بیٹے کی خاطر رشتہ بچانے اور صلح کی کوششیں کیں۔ تاہم، جب معاملات حل نہ ہوسکے تو انہوں نے نان نفقے اور جہیز کی واپسی کے لیے قانونی کارروائی شروع کردی۔
جہیز اور سونے کے زیورات سے متعلق کیا تفصیلات سامنے آئیں؟
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمان فاطمہ کے وکلا نے کیس کے حوالے سے اہم تفصیلات بیان کی ہیں۔ ان کے مطابق ایمان کے اہل خانہ کی جانب سے دیا گیا تقریباً 21 لاکھ روپے مالیت کا جہیز، جس میں الیکٹرانک اشیا اور زیورات شامل ہیں، واپس کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث ہے۔
اس کے علاوہ سسرال کی جانب سے تحفے میں دیے گئے سونے کے زیورات کی مالیت تقریباً 67 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ دو برس کے نان نفقے کی مد میں تقریباً 24 لاکھ روپے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔
بیٹے کی سالگرہ پر صلح کی بات، پھر طلاق کا نوٹس؟
ایمان فاطمہ کے وکلا کے مطابق، جب رجب بٹ اپنے بیٹے کیوان کی سالگرہ میں شرکت کے لیے آئے تو انہوں نے ایمان فاطمہ کو واپس آنے کے لیے کہا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمان نے بھی رشتہ بحال کرنے پر آمادگی ظاہر کی، تاہم رجب بٹ نے معاملہ بعد میں زیر بحث لانے کا کہا۔ وکلا کے بیان کے مطابق، اس کے بعد ایمان فاطمہ کو طلاق کا نوٹس بھیج دیا گیا۔