دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں قربانیاں بھی، کامیابیاں بھی، ڈیرہ اسماعیل خان میں 6 دہشت گردوں کی ہلاکت اور 2 جوانوں کی شہادت پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا فورسزکو خراج تحسین

دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں قربانیاں بھی، کامیابیاں بھی، ڈیرہ اسماعیل خان میں 6 دہشت گردوں کی ہلاکت اور 2 جوانوں کی شہادت پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا فورسزکو خراج تحسین

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نائب حوالدار غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 6 دہشت گردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف ان کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک کے امن و استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے نائب حوالدار غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان کی عظیم قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور قوم اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلے، اراضی اور دیگر اثاثے کیسے بنے؟ شہر شہر ،گلی گلی اور کوچہ کوچہ مولانا فضل الرحمان سے منی ٹریل اور ذرائع آمدن کی تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

گورنر خیبرپختونخوا نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنا ہوگی۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے قومی عزم، اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی مسلسل جدوجہد ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles