ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلعی انتظامیہ نے قبضہ مافیا اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف شکنجہ کس لیا ہے ، شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے شروع کیا گیا گرینڈ آپریشن پانچویں روز بھی جاری ہے۔
نئے سیٹ اپ میں انتظامیہ کی ہنگامی بنیادوں پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کے نتیجے میں سالہا سال سے قائم ناجائز قبضے ختم کر کے اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی ہے۔
بھاری مشینری اور بلڈوزر کا ایکشن
شہر کے مشہور اور مرکزی مقامات بشمول ٹانک اڈا، شیخ یوسف اڈا، کوٹلی امام کے سامنے اور پرانی سبزی منڈی میں تجاوزات کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جا رہا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی اس سخت کارروائی کے نتیجے میں کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کروائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :کرک میں برسوں کی غفلت کا خاتمہ ، گورنر راج کے بعد تخت نصرتی بازار کی خستہ حال سڑک پر بلڈوزر چل پڑے
اس آپریشن کے دوران اکیلے تقریباً 10 کنال اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کروا کر واپس سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے، ان تمام اہم مقامات کے علاوہ شہر کے باقی حصوں میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ مسلسل جاری ہے.
عوامی حلقوں کا ردِعمل
ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام پر عوام کی جانب سے گہرے اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ٹریفک کے حوالے سے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا ، تجاوزات کے خاتمے سے اب سڑکیں کھلتی جا رہی ہیں، اور امید ہے کہ مستقبل میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملے گی.
آپریشن کے نتیجے میں شہر کا نقشہ بدلنا شروع ہو گیا ہے، طویل عرصے سے بدترین ٹریفک جام اور گرد و غبار کا باعث بننے والی سڑکیں اب کھلی اور صاف شفاف دکھائی دے رہی ہیں ، شہر کی سڑکوں پر تجاوزات کے باعث پیدل چلنا بھی محال ہو چکا تھا، لیکن اس آپریشن نے شہر کو نئی زندگی دے دی ہے، سڑکیں کشادہ ہونے سے نہ صرف ٹریفک کا مسئلہ حل ہو رہا ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی بھی بحال ہو رہی ہے۔
🚨ڈیرہ اسماعیل خان میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن کا پانچواں روز، سرکاری اراضی واگزار ہونے لگی، عوام کا کہنا ہے کہ بہت اچھا اقدام ہے ، سڑکیں کھلی ہو رہی ہیں، تفصیلات زاہد اعوان نمائندہ آزاد ڈیجیٹل https://t.co/zESvWOUrPU
— Azaad Urdu (@azaad_urdu) October 26, 2026


