دشواریاں اور آزمائشیں دوستی نہ توڑ سکیں، اب پاک چین تعاون کے نئے دور کا آغاز، بیانیے کی جنگ میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ، انفارمیشن کوریڈور قائم

دشواریاں اور آزمائشیں دوستی نہ توڑ سکیں، اب پاک چین تعاون کے نئے دور کا آغاز، بیانیے کی جنگ میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ، انفارمیشن کوریڈور قائم

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر تقریبات کا سلسلہ جاری ہے اسی سلسلے میں اسلام آباد میں چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ذرائع ابلاغ کے تعاون کو فروغ دینا معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانا اور غلط خبروں و گمراہ کن معلومات کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانا ہے۔

تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاک چین تعلقات کی تاریخی اہمیت، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے دوستی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطے کا پل ثابت ہوگا۔ اس اقدام کے ذریعے ذرائع ابلاغ، معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دونوں ممالک کے شہریوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دنیا کو پاکستان کی سفارتی طاقت دکھا دی، ایران اور سعودی عرب کو مذاکرات کی میز پر لانا بڑی کامیابی قرار، ملک بھر سے شہریوں کا خراج تحسین

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں مزید مضبوط ہو کر ابھری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی بھائی چارہ دوستی کی ایک منفرد مثال ہے ان کے مطابق سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونا اس تاریخی سفر کا اہم سنگ میل ہے جس نے باہمی اعتماد تعاون اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب اس دوستی کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے توانائی کے منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں جبکہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور معلومات کے تبادلے اور سچائی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے انفارمیشن کوریڈور کو سچائی کا کوریڈور قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے عوام کے دلوں اور ذہنوں کو جوڑنا ہے۔ ذرائع ابلاغ اور ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ سے پاکستان اور چین کے شہریوں کو ایک دوسرے کی ثقافت، روایات، معاشرت اور ترقیاتی سرگرمیوں کو بہتر طور پر سمجھنے کے مواقع مل سکیں گے۔

اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کے آغاز پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے اور ایک دوسرے کی ثقافت و روایات کو سمجھنے میں معاون ثابت ہوگا۔

چینی سفیر نے امید ظاہر کی کہ انفارمیشن کوریڈور دونوں ممالک کے خلاف پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات کا مقابلہ کرنے اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں مدد دے گا ان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عوامی رابطوں اور درست معلومات کی فراہمی کو فروغ دینا اہم ہے۔

چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات منا رہے ہیں۔ اس منصوبے کو ذرائع ابلاغ کے تعاون، ڈیجیٹل روابط اور عوامی سطح پر باہمی آگاہی بڑھانے کی کوششوں کے ایک اہم حصے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

تقریب میں اس عزم کو اجاگر کیا گیا کہ پاکستان اور چین اپنے دیرینہ تعلقات کو جدید ذرائع ابلاغ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مزید مستحکم کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانا، ثقافتی روابط کو فروغ دینا اور گمراہ کن معلومات کے مقابلے کے لیے تعاون بڑھانا انفارمیشن کوریڈور کے بنیادی مقاصد میں شامل ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles