وفاقی حکومت نے نویں جماعت کے امتحانات میں اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری سنا دی، ملک بھر میں 5 لاکھ ری فربشڈ کروم بُکس تقسیم کی جائیں گی۔
وزیراعظم یوتھ کروم بُک اسکیم کے تحت پاکستان بھر کے مستحق اور ہونہار طلبہ کو 5 لاکھ کروم بُکس فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس اسکیم پر وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور وزیراعظم یوتھ پروگرام مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں، جبکہ ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن نے ڈیوائسز فراہم کرنے کی ذمہ داری لی ہے۔
اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ انہوں نے ایس ایس سی ون کے تازہ ترین امتحانات میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کیے ہوں۔ انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن طلبہ کے نتائج کی تصدیق کرے گا، جبکہ انتخاب ہر صوبے یا علاقے، تعلیمی بورڈ اور تعلیمی شعبے کے مطابق میرٹ پر کیا جائے گا۔
سرکاری اسکولوں، صوبائی تعلیمی فاؤنڈیشنز کے زیرِ انتظام نجی اسکولوں اور رجسٹرڈ مدارس کے طلبہ اس اسکیم کے لیے اہل ہوں گے۔
منصوبے کے تحت مختلف علاقوں کے لیے ڈیوائسز کی تقسیم کچھ یوں ہوگی:
• پنجاب: 181,090
• سندھ: 85,925
• خیبرپختونخوا: 51,170
• بلوچستان: 31,815
• اسلام آباد: 100,000
• آزاد جموں و کشمیر: 25,000
• گلگت بلتستان: 25,000
ہر علاقے کے مختص حصے میں سے 80 فیصد کروم بُکس اسکولوں کے طلبہ اور 20 فیصد مدارس کے طلبہ کو دی جائیں گی۔ اسکولوں کے طلبہ میں تقسیم کے لیے 70 فیصد حصہ سائنس اور 30 فیصد آرٹس کے شعبے کے لیے مختص ہوگا۔
کروم بُکس کیسے ملیں گی؟
حکام طلبہ کے امتحانی نتائج، داخلے اور تعلیمی ادارے سے وابستگی کی تصدیق کریں گے۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد ڈیوائسز کوریئر کے ذریعے طلبہ تک پہنچائی جائیں گی۔
اسکیم میں تقسیم کے عمل کی نگرانی کا نظام بھی شامل ہوگا، جبکہ انتخاب، تصدیق یا ڈیوائس موصول نہ ہونے سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔
اس منصوبے کا مقصد طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں ٹیکنالوجی سے بہتر طور پر فائدہ اٹھا سکیں۔