سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، قومی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 25.3 اوورز میں 110 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، سری لنکا نے 111 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ہوگیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان 5، معاذ صداقت 8، سعد بیگ 5، سلمان علی آغا 9 اور بابر اعظم 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ وہ ریویو لینا چاہتے تھے، تاہم پاکستان کے پاس کوئی ریویو باقی نہیں تھا۔
حسن نواز نے 17، عرفات منہاس نے 10، حارث رؤف نے ایک جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 15 رنز بنائے۔ پاکستان کی پوری ٹیم 25.3 اوورز میں 110 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جو دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے میچز میں تیسرا کم ترین اسکور ہے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 34 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ سہان آراچیگے نے 2 جبکہ اسیتھا فرنینڈو، ایشان ملنگا اور دونیتھ ویلالاگے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں سری لنکا نے 111 رنز کا ہدف 18 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کامیندو مینڈس 62 رنز بنا کر نمایاں رہے، ایوشکا فرنینڈو نے 16 اور کوشال مینڈس نے 8 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ پاکستان سہ فریقی سیریز کے فائنل کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کرچکا ہے۔