پولیس شہدا کے خاندانوں کے لیے خصوصی کارڈ،گورنر کاخیبرپختونخوا میں امن کے لیے وسائل بڑھانے کا اعلان

پولیس شہدا کے خاندانوں کے لیے خصوصی کارڈ،گورنر کاخیبرپختونخوا میں امن کے لیے وسائل بڑھانے کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امن اسی وقت قائم ہوگا جب عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہوگا،انہوں نے پولیس شہدا کے خاندانوں کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرانے، پولیس کو ضروری وسائل فراہم کرنے اور ضم اضلاع میں سیف سٹیز منصوبوں کو وسعت دینے کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

پشاور میں گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی کاشف عالم، چیف کیپیٹل پولیس آفیسر ڈاکٹر میاں سعید اور ریجنل پولیس افسران نے شرکت کی، جبکہ ضلعی پولیس افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

شہدا کے خاندانوں کے لیے سہولتیں

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیس شہدا کے خاندانوں کی دیکھ بھال حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔ شہدا پیکج میں اضافے کا اعلان کیا جا چکا ہے، جبکہ پولیس شہدا کے بچوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرائے جائیں گے، تاکہ سرکاری دفاتر میں ان کے مسائل عزت و احترام کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔
پولیس افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اضلاع میں شہدا کے خاندانوں سے مسلسل رابطے میں رہیں اور انہیں احساس دلائیں کہ حکومت اور ریاست ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
پولیس کو جدید وسائل کی فراہمی

گورنر نے کہا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑ رہی ہے، اس لیے اسے جدید اسلحہ، بکتر بند گاڑیوں اور دیگر ضروری وسائل کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :خیبرپختونخوا کے عوام کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکل آئے، گورنر فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں ہزاروں افراد کی ریلی میں شرکت

انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کو 10 اے پی سیز فراہم کر چکی ہے۔ پولیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی کی جائے گی، جبکہ پولیس کے لیے پروکیورمنٹ پر عائد پابندیوں میں نرمی بھی کی گئی ہے  انہوں نے پولیس میں خالی آسامیوں پر فوری بھرتیاں کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ضم اضلاع میں سیف سٹیز

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیف سٹیز منصوبوں پر کام جاری ہے اور ان منصوبوں کو ضم اضلاع تک بھی وسعت دی جائے گی، ان علاقوں میں پولیس تھانوں، چوکیوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے،انہوں نے پولیس لائنز، تھانوں اور چیک پوسٹوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

ضم اضلاع کے لیے 70 فیصد پیکج

گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے صوبے کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے اعلان کردہ پیکج کا 70 فیصد حصہ ضم اضلاع میں خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور امن و امان کی بہتری کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔

دہشت گردی کے خلاف واضح مؤقف

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ میں غلطی اور شکست کی کوئی گنجائش نہیں اور امن کے قیام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں کے معززین کو اعتماد میں لیں اور تنازعات کے حل کے لیے قائم ڈی آر سیز کی کارکردگی بہتر بنانے کی خاطر اچھی شہرت کے حامل افراد کو شامل کریں۔

گورنر نے واضح کیا کہ ان کا کوئی فوکل پرسن نہیں ہے، اجلاس میں پولیس افسران نے اپنے مسائل اور مختلف تجاویز پیش کیں، جن کا خیرمقدم کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس کو درکار سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

editor

Related Articles