سمندر کی گہرائیوں سے سائنس دانوں نے ایک حیران کن دریافت کی ہے۔ بحیرہ عرب کے جنوب مشرقی حصے میں بجلی کے جھٹکے پیدا کرنے والی مچھلی کی ایک نئی قسم سامنے آئی ہے، جو اپنے شکار کو بے حرکت کرنے اور دشمنوں سے بچنے کے لیے برقی طاقت استعمال کرتی ہے۔
ماہرین نے اس نئی مچھلی کو ’ٹیٹرونارسی رامان مورتی‘ کا نام دیا ہے۔ محققین کے مطابق شمالی بحر ہند میں ٹیٹرونارسی نسل کی یہ پہلی تصدیق شدہ دریافت ہے۔
نئی مچھلی کی شکل و صورت بھی منفرد
سائنس دانوں کے مطابق اس مچھلی کی پشت کا رنگ گہرا سیاہ یا بھورا ہے، جبکہ اس کا جسم لمبائی کے مقابلے میں زیادہ چوڑا ہے۔ اس کی شناخت کے لیے جسمانی ساخت کے ساتھ ڈی این اے ٹیسٹ بھی کیے گئے، جن سے اس کی الگ نوع ہونے کی تصدیق ہوئی۔
اس مچھلی کی سب سے حیران کن خصوصیت اس کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ اس نسل کی بعض مچھلیاں اپنے مخصوص برقی اعضا کی مدد سے 220 وولٹ تک کے جھٹکے پیدا کرسکتی ہیں۔
یہ برقی جھٹکے انہیں شکار کو بے حرکت کرنے اور ممکنہ حملہ آوروں سے اپنا دفاع کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس نئی نوع کی دریافت سمندر کی گہرائیوں میں موجود حیاتیاتی تنوع کو سمجھنے کے لیے اہم پیش رفت ہے اور اس سے زیرِ سمندر زندگی کے مزید پوشیدہ راز سامنے آنے کی امید ہے۔