کرکٹ کی دنیا سے ایک غیر متوقع خبر سامنے آگئی، آئرلینڈ کے لیگ اسپنر بین وائٹ نے صرف 28 سال کی عمر میں پروفیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ انہوں نے کھیل کے میدان سے رخصت ہونے کے بعد سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کمپنی میں ملازمت اختیار کرلی ہے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بین وائٹ نے آئرلینڈ کی جانب سے اپنا آخری بین الاقوامی میچ گزشتہ سال دسمبر میں کھیلا تھا۔ وہ اپنے کیریئر کے دوران تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 43 بین الاقوامی میچوں میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
بین وائٹ نے جولائی 2021 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا اور انہیں آئرلینڈ کے مستقبل کے اہم لیگ اسپنرز میں شمار کیا جاتا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نمایاں کارکردگی
بین وائٹ نے 38 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 2021، 2024 اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے آئرلینڈ کے اسکواڈ کا حصہ بھی رہے، تاہم تینوں عالمی مقابلوں میں انہیں مجموعی طور پر صرف میچ کھیلنے کا موقع ملا۔
طویل فارمیٹس میں ان کے کھیلنے کے مواقع محدود رہے۔ انہوں نے 2023 میں دو ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ کھیلے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو پر تین وکٹیں حاصل کرکے اچھی شروعات کی، لیکن سری لنکا کے خلاف اگلے دو ٹیسٹ میچوں میں نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔
کرکٹ کو خیرباد کہتے ہوئے کیا کہا؟
بین وائٹ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئرلینڈ کی نمائندگی کرنا، تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اور تین عالمی کپ مقابلوں کا حصہ بننا ان کے لیے ہمیشہ فخر کی بات رہے گی۔
انہوں نے کرکٹ آئرلینڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سفر کے دوران انہیں یادگار تجربات، قیمتی سبق اور زندگی بھر قائم رہنے والی دوستیاں حاصل ہوئیں۔
آئرلینڈ کے ہیڈ کوچ گیری ولسن نے بھی بین وائٹ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہیں خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی کارکردگی کے باعث یاد رکھا جائے گا۔ یوں بین وائٹ نے کرکٹ کے میدان سے رخصت ہوکر عملی زندگی میں ایک نئے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کردیا ہے۔