وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے موسم سرما کے دوران گیس کی دستیابی کے حوالے سے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر سے پاکستان کو گیس کی فراہمی جاری ہے اور دسمبر و جنوری میں بھی وافر مقدار میں سپلائی برقرار رہے گی۔
لاہور میں ایک نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی ایک بڑی وجہ آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال ہے جس کے اثرات عالمی توانائی مارکیٹ پر مرتب ہو رہے ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان نے چھ ماہ کے دوران مشکل عالمی حالات کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔ توانائی کی عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال اور قیمتوں میں تبدیلی کے باوجود حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا عمل شفاف رکھا ہے۔
کم آمدنی والے طبقے کیلئے سبسڈی والا پیٹرول
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور خصوصاً غریب طبقے کی مشکلات کم کرنے کے لیے سبسڈی والا پیٹرول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اثرات سے کم آمدنی والے افراد کو تحفظ دیا جا سکے۔
قطر سے گیس کی آمد جاری
علی پرویز ملک نے گیس کی فراہمی سے متعلق صورتحال واضح کرتے ہوئے کہا کہ قطر سے پاکستان کو گیس آ رہی ہے اور دسمبر و جنوری کے دوران بھی وافر سپلائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے ان اہم مہینوں میں گیس کی دستیابی برقرار رکھنے کیلئے فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
وفاقی وزیر کے اس بیان کو ایسے وقت میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جب موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گھریلو اور صنعتی شعبوں میں گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے جبکہ عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل اور آبنائے ہرمز کی صورتحال بھی تیل و گیس کی فراہمی اور قیمتوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔