پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہا ئی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے زرتاج گل کا نا م پاسپورٹ کنٹرول لسٹ نکالنے کے لیے 5 صفحات پرمشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے ، عدالت عالیہ کے مطابق ڈ ی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے رپورٹ جمع کرائی۔ پٹیشنر کا نام محکمہ داخلہ پنجاب کے 16 مئی کے لیٹر پر پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں شامل کیا گیا۔ فیصلہ کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں درج مقدمات میں نامزد ہونے پر ان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی
تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق دونوں مقدمات میں زرتاج گل کی ضمانت منظور ہو چکی ہے۔ پٹیشنر کسی بھی کیس میں مفرور یا اشتہاری نہیں بلکہ مقدمات کا سامنا کر رہی ہیں۔ تحریری فیصلہ کے مطابق ایسی کوئی وجہ یا جواز نہیں کہ پٹیشنر کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے۔ تحریری فیصلہ کے مطابق پٹیشنر کا نام پی سی ایل سے نکال کر عمل درآمد رپورٹ ایک ہفتہ میں ایڈیشنل رجسٹرار کے پاس جمع کرا ئی جائے ۔

