وزیر تعلیم اچانک ٹیچر بن گئے، بڑا اعلان بھی کر دیا

وزیر تعلیم اچانک ٹیچر بن گئے، بڑا اعلان بھی کر دیا

پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سرکاری اسکولوں میں خود کلاس لینے کے اپنے اعلان پر عمل درآمد جاری رکھتے ہوئے گورنمنٹ ہائی اسکول لدھر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پانچویں جماعت کی طالبات کو انگلش کا مضمون پڑھایا۔

رانا سکندر حیات نے کلاس لینے سے قبل باقاعدہ ٹیچر گاؤن پہنا اور طلبہ کے ساتھ دوستانہ انداز میں کلاس لی۔ انہوں نے طالبات کے تعلیمی معیار اور سیکھنے کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔

وزیر تعلیم نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وہ اگلے ہفتے پانچویں جماعت کی طالبات کو کمپیوٹر بطور اضافی مضمون بھی پڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ کمپیوٹر پانچویں جماعت کے موجودہ نصاب کا حصہ نہیں، تاہم جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے بچوں کو ابتدائی عمر ہی سے کمپیوٹر کی تعلیم دینا ضروری ہے۔

دورے کے دوران وزیر تعلیم نے گزشتہ ہفتے اسکول میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اسکول کو فراہم کی جانے والی نئی اسپورٹس کٹس کی رونمائی کی اور طالبات کے ساتھ بیڈمنٹن اور کرکٹ بھی کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں:2027 دنیا کے لیے کیسا ہوگا؟ حیران کن پیشگوئی سامنے آگئی

رانا سکندر حیات نے اسکول میں باقاعدہ اسپورٹس پیریڈ شروع کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ طالبات کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔ یہ اقدام پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی پالیسی کے تناظر میں بھی سامنے آیا ہے۔

وزیر تعلیم نے میٹرک کی طالبات کی فرمائش پر ان کی کلاس میں بھی لیکچر دیا اور ان کے سوالات اور تعلیمی امور پر گفتگو کی۔ ذرائع کے مطابق اسکول میں تقریباً 1100 طالبات زیر تعلیم ہیں، جن میں وزیر تعلیم نے چپس اور جوس بھی تقسیم کیے اور صفائی کا خیال رکھنے کی ہدایت کی۔

دورے کے دوران رانا سکندر حیات نے اسکول کے مستقبل کے تعلیمی انفراسٹرکچر سے متعلق بھی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے لدھر اسکول کے لیے اسٹیم لیب اور اضافی کلاس روم کی منظوری دے دی ہے، جن پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔

یہ وزیر تعلیم کا سرکاری اسکول میں کلاس لینے کا دوسرا ہفتہ بھی ہے۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے اسی اسکول میں براہ راست کلاس لے کر پانچویں جماعت اور دیگر طالبات کو انگلش اور ریاضی پڑھائی تھی، طالبات کی تعلیمی سطح کا جائزہ لیا تھا اور اسکول کی بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا تھا۔ اس موقع پر اضافی کلاس رومز، اسٹیم اور روبوٹکس لیبارٹری، پانی کی سہولت اور کھیلوں کا سامان فراہم کرنے سے متعلق ہدایات بھی دی گئی تھیں۔

وزیر تعلیم کے مطابق خود کلاس لینے کا مقصد محض تدریس نہیں بلکہ سرکاری اسکولوں کی زمینی صورتحال، طلبہ کی تعلیمی استعداد اور اسکولوں میں دستیاب سہولیات کا براہ راست جائزہ لینا بھی ہے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ کلاس روم میں براہ راست موجودگی سے تعلیمی معیار اور اسکولوں کے حقیقی مسائل کو زیادہ بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملے گی۔

یوں لدھر اسکول میں وزیر تعلیم کی ہفتہ وار کلاس اب ایک مسلسل سرگرمی کی شکل اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے، جس میں تدریس کے ساتھ ساتھ اسکول کی سہولیات، کھیلوں، کمپیوٹر تعلیم اور ہم نصابی سرگرمیوں کا جائزہ بھی شامل ہے۔ اگلے ہفتے پانچویں جماعت میں کمپیوٹر کی کلاس کا اعلان اس سلسلے کا اگلا مرحلہ ہوگا

Qaisar Mirza
editor

Related Articles