بنوں کے علاقے سردی خیل منڈی میں سکیورٹی فورسز اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں اہم کمانڈر اختر محمد کا بیٹا موسیٰ عرف آریانہ اور اس کا ساتھی زوہیب ولد خالد، ساکن جانی خیل، ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے سردی خیل منڈی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران موسیٰ عرف آریانہ اور زوہیب ہلاک ہوئے۔ موسیٰ عرف آریانہ کو فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر اختر محمد کا بیٹا بتایا جاتا ہے۔
بنوں اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد عناصر اور ان کے نیٹ ورک کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کر رہے ہیں، تاکہ عوام کے جان و مال کو لاحق خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر علاقے میں مشتبہ عناصر کا تعاقب کر رہی ہیں۔ دہشت گردوں کو تلاش کرکے کارروائیوں کے ذریعے ان کے ٹھکانوں اور نیٹ ورک کو ختم کرنے کا عمل جاری ہے، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سردی خیل منڈی میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے پر صورتحال واضح ہوگی۔
