ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ کے نواحی علاقے جدید بانڈا میں گھر کی چھت اچانک گرنے سے چار کمسن بچیاں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 ہنگو کے کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوئی کہ دوآبہ کے علاقے جدید بانڈا میں ایک گھر کی چھت گر گئی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد بچیاں ملبے تلے دب گئی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبنے والی بچیوں کو نکالنے کے لیے آپریشن کیا، تاہم حادثے میں چاروں بچیاں جانبر نہ ہوسکیں۔ جاں بحق بچیوں کی عمریں دو سے بارہ سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق چاروں بچیوں کی لاشیں نکال کر عبدالروف اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جبکہ علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا قائم ہے۔