این سی سی آئی اے بھرتیوں میں بڑا فراڈ پکڑا گیا، دوسرے امیدواروں کی جگہ دوڑنے والے دو افراد گرفتار

این سی سی آئی اے بھرتیوں میں بڑا فراڈ پکڑا گیا، دوسرے امیدواروں کی جگہ دوڑنے والے دو افراد گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں بھرتیوں کے دوران میرٹ کو دھوکہ دینے اور فزیکل ٹیسٹ میں جعل سازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ایجنسی کے لاہور زون نے کارروائی کرتے ہوئے اصل امیدواروں کی جگہ دوڑ میں حصہ لینے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت راشد اور وارث کے نام سے ہوئی ہے، جن کے خلاف تھانہ ہیئر لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے میں جاری بھرتیوں کے سلسلے میں امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ اور دوڑ کا مرحلہ ایلیٹ ٹریننگ سینٹر لاہور میں جاری تھا۔ اسی دوران انکشاف ہوا کہ دو افراد بھرتی کے عمل میں شریک اصل امیدواروں کی جگہ فزیکل ٹیسٹ دے رہے ہیں اور متعلقہ امیدوار خود ٹیسٹ کے لیے موجود نہیں تھے۔

دوسرے امیدواروں کی جگہ دوڑ میں حصہ لے کر فزیکل ٹیسٹ کلیئر کرانے کی اس کوشش کا انکشاف ہونے پر این سی سی آئی اے حکام نے فوری کارروائی کی۔ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کی ہدایت پر متعلقہ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر راشد اور وارث کو حراست میں لے لیا اور دونوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں:پردے کے پیچھے چھپے اصل لٹیرے بے نقاب، سہیل آفریدی کے دور میں ٹھیکوں کے عوض 90 کروڑ روپے کی کِک بیکس وصولی کا ہولناک انکشاف

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 294/26 تھانہ ہیئر لاہور میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 419 اور 420 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں جعل سازی اور دھوکہ دہی سے متعلق الزامات شامل کیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ ادارے میں بھرتیوں کا عمل میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق جاری ہے اور کسی کو بھی جعل سازی یا دھوکہ دہی کے ذریعے بھرتی کے عمل پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عاطف امیر نے واضح کیا کہ بھرتیوں کے دوران کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور میرٹ کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق بھرتیوں کے عمل میں شفافیت برقرار رکھنے اور اہل امیدواروں کو میرٹ پر مواقع فراہم کرنے کے لیے نگرانی کا عمل جاری ہے، جبکہ فزیکل ٹیسٹ میں جعل سازی کی کوشش کرنے والے دونوں افراد کی گرفتاری اسی سلسلے کی کارروائی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles