بشریٰ بی بی کی بینائی سے متعلق دعوے سامنے آگئے، بیانِ حلفی اور طبی ریکارڈ کے حصول کے لیے درخواست دائر

بشریٰ بی بی کی بینائی سے متعلق دعوے سامنے آگئے، بیانِ حلفی اور طبی ریکارڈ کے حصول کے لیے درخواست دائر

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی بگڑتی ہوئی حالت سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے بیانِ حلفی میں انکشاف کیا ہے کہ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت انتہائی تشویشناک دکھائی دے رہی تھی وہ نہ تو سورج کی روشنی برداشت کرسکتی ہیں اور نہ ہی مصنوعی روشنی میں آنکھیں کھولنے کے قابل ہیں۔ بشریٰ بی بی نے انہیں بتایا کہ بغیر چشمے کے وہ اپنی آنکھیں بھی نہیں کھول سکتیں جبکہ ان کی بینائی شدید متاثر ہوچکی ہے۔

 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل میں دونوں سے ملاقات کے حوالے سے اپنا تفصیلی بیانِ حلفی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ بیانِ حلفی میں 2 نومبر کو ہونے والی ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی بیماری، بینائی کی صورتحال، جیل میں دستیاب طبی سہولیات اور علاج سے متعلق اہم تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق 31 اکتوبر کو اڈیالہ جیل حکام نے انہیں اطلاع دی تھی کہ 2 نومبر کو سہ پہر ساڑھے تین بجے عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات طے کی گئی ہے۔ مقررہ روز ملاقات شام 4 بجے شروع ہوئی اور تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے غیر معمولی طور پر گہرے سیاہ رنگ کا چشمہ پہن رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پردے کے پیچھے چھپے اصل لٹیرے بے نقاب، سہیل آفریدی کے دور میں ٹھیکوں کے عوض 90 کروڑ روپے کی کِک بیکس وصولی کا ہولناک انکشاف

بیانِ حلفی کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر اور عمران خان کے کہنے پر جب بشریٰ بی بی نے اپنا چشمہ اتارا تو وہ بظاہر شدید تکلیف اور پریشانی میں دکھائی دیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ سورج کی روشنی برداشت نہیں کرسکتیں اور مصنوعی روشنی بھی ان کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چشمے کے بغیر وہ اپنی آنکھیں بھی نہیں کھول سکتیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے بیانِ حلفی میں لکھا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت انتہائی نازک دکھائی دے رہی تھی اور انہیں محسوس ہوا کہ ان کی بینائی شدید متاثر ہوچکی ہے۔ ملاقات کے دوران عمران خان بھی اپنی اہلیہ کی بگڑتی ہوئی بینائی کے حوالے سے واضح طور پر پریشان دکھائی دے رہے تھے۔

بیانِ حلفی میں مزید بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے انہیں آگاہ کیا کہ جیل میں معائنے کے لیے آنے والے ڈاکٹروں نے ان کی بیماری کو میچیور کیٹریکٹ (Mature Cataract) قرار دیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انہیں 15 نومبر کے قریب آنکھوں کا ایک اور آپریشن کروانا ہوگا۔

بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق بشریٰ بی بی نے جیل میں صفائی کے معیار اور انہیں فراہم کیے جانے والے علاج پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا اور درخواست کی کہ ان کا طبی معائنہ اور علاج ان کے اپنے ڈاکٹروں کے ذریعے کروایا جائے۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کو متعلقہ فورم اور عدالت کے نوٹس میں لائیں گے۔

دوسری جانب بشریٰ بی بی نے اپنی آنکھوں کی بگڑتی ہوئی حالت اور علاج کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی رجوع کرلیا ہے۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں دائر متفرق درخواست کے ذریعے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اڈیالہ جیل حکام کو ان کا تازہ ترین اور مکمل میڈیکل ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں بشریٰ بی بی کی بیماری کی تشخیص، اب تک کیے گئے علاج، طبی معائنے اور تمام متعلقہ میڈیکل دستاویزات طلب کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کا فوری طور پر ماہر امراضِ چشم سے معائنہ کروانے اور ماہر ڈاکٹر کے ساتھ جیل کے میڈیکل افسر کی طبی مشاورت یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت تیزی سے خراب ہورہی ہے اور ان کی بینائی کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری طبی اقدامات ناگزیر ہیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انہیں اپنی ذاتی خرچ پر ماہر ڈاکٹر سے معائنہ اور علاج کروانے کی اجازت دی جائے اور جیل انتظامیہ کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ان کے علاج اور بیماری سے متعلق مکمل معلومات سامنے لانے کے لیے اڈیالہ جیل حکام کو تمام طبی دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی جائے تاکہ ان کی بیماری کی نوعیت اور اب تک فراہم کیے گئے علاج کی تفصیلات کا جائزہ لیا جاسکے۔

درخواست بیرسٹر سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر وکلا کے ذریعے دائر کی گئی ہے، جسے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈائری نمبر بھی الاٹ کردیا گیا ہے۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے طبی سہولیات، ذاتی معالج سے معائنے اور مکمل میڈیکل ریکارڈ کی فراہمی کے لیے دائر درخواست اور بیرسٹر سلمان صفدر کے بیانِ حلفی کے بعد اڈیالہ جیل میں ان کے علاج اور آنکھوں کی بگڑتی ہوئی حالت کا معاملہ ایک بار پھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے آگیا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles