فلسطین کی حمایت مہنگی پڑ گئی؟ امریکی اسٹیڈیمز نے میکلمور کو جگہ دینے سے انکار

فلسطین کی حمایت مہنگی پڑ گئی؟ امریکی اسٹیڈیمز نے میکلمور کو جگہ دینے سے انکار

معروف امریکی ریپر میکلمور نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت میں فلاحی کنسرٹس منعقد کرنے کے لیے امریکا کے کئی بڑے اسٹیڈیمز نے انہیں جگہ دینے سے انکار کردیا ہے۔

میکلمور نے انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ ڈبلن، پیرس اور لندن میں ان کے ’فری فلسطین‘ کنسرٹس کامیابی سے منعقد ہوئے، تاہم امریکا میں ایسے پروگراموں کے انعقاد کے لیے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔

گلوکار کے مطابق نیویارک کے مشہور میڈیسن اسکوائر گارڈن، بارکلیز سینٹر اور دیگر بڑے مقامات کی انتظامیہ نے ابتدا میں کنسرٹس کے لیے دستیاب تاریخیں بتائی تھیں، لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ یہ پروگرام فلسطین کے لیے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے منعقد کیے جائیں گے تو انہوں نے جگہ دینے سے انکار کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:اداکارہ میرا پر مشکل وقت، بہن کی بیماری نے پریشان کردیا

میکلمور کا آزادیٔ اظہار پر سوال

میکلمور نے اس اقدام کو آزادیٔ اظہار کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقتور افراد کنسرٹ ہالز کے مالک ہوسکتے ہیں، لیکن وہاں آنے والے لوگوں کے مالک نہیں ہیں۔

گلوکار نے واضح کیا کہ اگر انہیں بڑے کنسرٹ ہالز میں جگہ نہ ملی تو وہ اپنے اسٹیج خود قائم کریں گے اور فلسطینی عوام کے لیے فنڈز جمع کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

editor

Related Articles