متحدہ عرب امارات میں ایک خاتون کاروباری شخصیت نے اپنی کمپنی میں کام کرنے والی خواتین کو مہنگے فولڈ ایبل آئی فون تحفے میں دے کر سب کو حیران کردیا۔ تحفہ ملنے پر بعض خواتین جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کی منیجنگ ڈائریکٹر حسینہ نشاد نے اپنی خواتین ملازمین کو اچانک خوشگوار سرپرائز دینے کا فیصلہ کیا اور ان کی میزوں پر تحائف رکھ دیے۔
جب خواتین نے تحائف کھولے تو اندر تقریباً 2 ہزار ڈالر مالیت کے آئی فون ڈو موجود تھے، جن کی قیمت پاکستانی کرنسی میں ساڑھے پانچ لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
اس موقع پر ملازماؤں کی خوشی دیدنی تھی۔ بعض خواتین اس غیر متوقع تحفے پر جذباتی ہوگئیں۔ حسینہ نشاد نے صرف اپنی کمپنی کی ملازماؤں ہی کو نہیں بلکہ اپنے گھر میں صفائی کا کام کرنے والی خاتون کو بھی یہی مہنگا فون تحفے میں دیا۔ تحفہ ملنے پر وہ خاتون اتنی جذباتی ہوئیں کہ حسینہ نشاد کو گلے لگا کر رونے لگیں۔
حسینہ نشاد نے انسٹاگرام پر اس اقدام کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ہر خاتون کے اپنے خواب، ذمہ داریاں اور زندگی کی مشکلات ہوتی ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ خواتین خود کو مضبوط اور پراعتماد بنائیں اور اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے آگے بڑھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کو کامیاب ہوتے دیکھنا ان کے لیے سب سے زیادہ فخر کی بات ہے، کیونکہ جب ایک عورت ترقی کرتی ہے تو وہ دوسری خواتین کے لیے بھی حوصلے اور کامیابی کی مثال بن جاتی ہے۔
حسینہ نشاد کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر خواتین کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کے اعتراف کی ایک خوبصورت مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔