شوہر کو زہر دینے کی منصوبہ بندی، چیٹ جی پی ٹی اور سیم آلٹمین کے خلاف مقدمہ

شوہر کو زہر دینے کی منصوبہ بندی، چیٹ جی پی ٹی اور سیم آلٹمین کے خلاف مقدمہ

امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ پر چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے اسے زہر دے کر قتل کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کرتے ہوئے اوپن اے آئی اور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

جیمز گیٹس نے اکتوبر 2026 میں سان فرانسسکو کاؤنٹی کی سپیریئر کورٹ میں مقدمہ دائر کیا، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اوپن اے آئی نے ان کی علیحدگی اختیار کرنے والی اہلیہ چیرل گیٹس اور چیٹ جی پی ٹی کے درمیان خطرناک گفتگو روکنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے۔

خبر رساں ویب سائٹ آرس ٹیکنیکا کے مطابق، اکتوبر میں ایک گرینڈ جیوری نے چیرل گیٹس پر قتل کی کوشش اور کھانے پینے کی اشیا کو آلودہ کرنے کے الزامات میں فردِ جرم عائد کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:چیٹ جی پی ٹی کا نیا کمال، اب تصاویر بھی حرکت کریں گی،نیا فیچر آگیا

چیٹ جی پی ٹی پر زہر دینے کی منصوبہ بندی میں مدد کا الزام

مقدمے کے مطابق، چیرل نے ابتدا میں چیٹ جی پی ٹی سے زہریلے مادوں کے بارے میں سوالات کیے اور دعویٰ کیا کہ انہیں خدشہ ہے کہ ان کے شوہر انہیں قتل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

تاہم، وقت گزرنے کے ساتھ ان کے سوالات زیادہ مخصوص ہوتے گئے اور انہوں نے اپنے شوہر جیمز کو ممکنہ ہدف کے طور پر پیش کیا۔

درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چیرل نے چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ کم از کم 25 مرتبہ گفتگو کے دوران زہر دینے کے طریقوں، خطرناک ادویات کے امتزاج اور واردات کے بعد پکڑے جانے سے بچنے کے طریقوں پر بات کی۔

مقدمے کے مطابق، چیٹ بوٹ نے ان گفتگوؤں کو روکنے یا انہیں مناسب مدد حاصل کرنے کی طرف رہنمائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر ایسی معلومات فراہم کرنا جاری رکھیں جو قتل کی منصوبہ بندی میں استعمال ہو سکتی تھیں۔

شکایت میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے چیرل کو مشروبات میں نقصان دہ مادے چھپانے کے طریقوں پر غور کرنے میں مدد دی۔ ان مشروبات میں سیلسئس انرجی ڈرنکس بھی شامل تھیں، جنہیں جیمز باقاعدگی سے استعمال کرتے تھے۔

editor

Related Articles