وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ای او سمٹ سے قبل وفاقی دارالحکومت کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے زیر تعمیر ہوٹلز کی تکمیل، موجودہ ہوٹلز کی تزئین و آرائش اور مہمانوں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایس ای او سمٹ سے قبل اسلام آباد میں ہوٹلز کی تعمیر اور بہتری کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا تاکہ عالمی سطح کے اس اہم اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی سربراہان، وفود اور معزز مہمانوں کو بہترین رہائشی اور دیگر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں زیر تعمیر تمام ہوٹلز کی تکمیل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ہوٹل مالکان کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے موجودہ ہوٹلز کی تزئین و آرائش، سہولیات میں بہتری اور سروس کے معیار کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ مقامی ہوٹلز کو بین الاقوامی ہوٹل چینز کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے روابط قائم کیے جائیں تاکہ پاکستان کے ہوٹلنگ سیکٹر میں عالمی معیار متعارف کرایا جاسکے اور اسلام آباد کے ہوٹلز کو بین الاقوامی سطح پر بہتر مقام دلایا جاسکے۔
اجلاس میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کو بین الاقوامی معیار کے ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ ہوٹل سے ملحقہ عمارت میں بین الاقوامی معیار کا مال بھی تعمیر کیا جائے گا، جس سے وفاقی دارالحکومت میں جدید تجارتی اور تفریحی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کے منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز یکم جنوری سے ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامی و دیگر معاملات بروقت مکمل کیے جائیں۔
اجلاس میں اسلام آباد کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ متعلقہ تربیتی اداروں کے تعاون سے خصوصی کورسز شروع کیے جائیں تاکہ نئے ہوٹلز کے فعال ہونے تک ہوٹل مینجمنٹ، مہمان نوازی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے لیے تربیت یافتہ عملہ دستیاب ہو۔ اس اقدام کا مقصد ہوٹلز میں خدمات کے معیار کو عالمی تقاضوں کے مطابق بنانا ہے۔
اجلاس میں کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش اور اس میں نئے ہال کی تعمیر کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ ایس ای او سمٹ سے قبل کانفرنسز اور بین الاقوامی تقریبات کے انعقاد کے لیے جدید اور معیاری سہولیات دستیاب ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ایس ای او سمٹ کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا ہے اور اس عالمی اہمیت کے حامل اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے معزز مہمانوں کے شایان شان انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ وفاقی دارالحکومت میں رہائش، مہمان نوازی اور کانفرنس کی سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں