واٹس ایپ کا نیا فیچر، آئی فون صارفین اب پیغامات شیڈول کر سکیں گے

واٹس ایپ کا نیا فیچر، آئی فون صارفین اب پیغامات شیڈول کر سکیں گے

اگر آپ بھی رات گئے سالگرہ کی مبارکباد دینے یا مصروفیت کے باعث اہم پیغامات بھیجنا بھول جاتے ہیں، تو واٹس ایپ آپ کی یہ بڑی پریشانی ختم کرنے جا رہا ہے۔

 دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ نے آئی فون (iOS) صارفین کے لیے پیغامات کو شیڈول (Scheduled Messaging) کرنے کے فیچر کی آزمائش کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے،  اس سہولت کے تحت اب صارفین اپنے پیغامات پہلے سے تحریر کر کے انہیں اپنی مرضی کی تاریخ اور وقت پر خودکار طور پر بھیج سکیں گے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ یہ نیا فیچر صارفين کے روزمرہ رابطوں کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور منظم بنا دے گا۔

مطلوبہ وقت پر پیغام بھیجنا اب بے حد آسان

ٹیکنالوجی کی خبروں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ‘ڈبلیو اے بیٹا انفو’ کے مطابق، یہ فیچر ابتدائی طور پر اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا تھا، جسے اب منتخب آئی او ایس بیٹا ٹیسٹرز کے لیے بھی پیش کر دیا گیا ہے۔

 اسے استعمال کرنے کا طریقہ انتہائی سادہ ہے یعنی  کسی بھی چیٹ میں جا کر پیغام ٹائپ کریں، سینڈ (ہولڈ) بٹن کو دبائے رکھیں اور اپنی پسند کی تاریخ اور وقت منتخب کر لیں۔

شیڈولنگ مکمل ہوتے ہی چیٹ میں ایک تصدیقی میسج ظاہر ہو گا، جو صرف پیغام بھیجنے والے صارف کو ہی نظر آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون پر واٹس ایپ بدلنے والا ہے، صارفین کو اب کیا دکھائی دے گا؟

 صارفین کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ کم از کم 10 منٹ بعد سے لے کر آئندہ دو ہفتوں تک کے لیے پیغامات وقت مقرر کر کے رکھ سکیں۔

تصاویر، ویڈیوز اور لنکس بھی شیڈول کریں

یہ سہولت محض سادہ تحریر تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ صارفين اس کے ذریعے تصاویر، ویڈیوز اور ویب لنکس بھی وقت مقرر کر کے بھیج سکیں گے تاہم، فی الحال ایک ساتھ متعدد تصاویر یا ویڈیوز شیڈول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

فی الوقت یہ فیچر صرف چند منتخب بیٹا ٹیسٹرز تک محدود ہے اور جن کے پاس اس کی رسائی نہیں، وہ اسے فی الحال خود سے فعال نہیں کر سکتے۔

یہ بھی پڑھیں : لاکھوں ویب سائٹس ہیک ہوسکتی ہیں؟ اے آئی نے خطرناک خامی کی نشاندہی کردی

 اگرچہ واٹس ایپ نے اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، مگر آئی فون اور اینڈرائیڈ دونوں پلیٹ فارمز پر جاری آزمائش سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے جلد ہی تمام عام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔

editor

Related Articles