پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کی متنازع فلم ’سردار جی 3‘ بالآخر بھارتی ناظرین کے لیے بھی ریلیز کر دی گئی ہے۔
فلم کو 9 نومبر کو بھارتی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر پیش کیا گیا، جس کے بعد اب بھارتی شائقین بھی اسے دیکھ سکیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیاسی کشیدگی کے باعث یہ فلم بھارت کے سینما گھروں میں ریلیز نہیں ہو سکی تھی۔
پنجابی کامیڈی ہارر فلم ’سردار جی 3‘ اس سے قبل 27 جون 2025 کو پاکستان سمیت کئی دیگر ممالک میں سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔ لم میں ہانیہ عامر کی شمولیت اس وقت تنازع کا باعث بنی جب بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی۔ اسی ردعمل کے باعث فلم کو بھارتی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش نہیں کیا گیا۔
تاہم بھارت میں سینما گھروں تک رسائی نہ ملنے کے باوجود فلم نے پاکستان میں شاندار کاروبار کیا۔ فلم ایگزیبیٹر ندیم مانڈوی والا کے مطابق ’سردار جی 3‘ نے پاکستانی باکس آفس پر تقریباً 60 کروڑ روپے کی کمائی کی، جس کے باعث یہ پاکستان میں کامیاب ترین پنجابی فلموں میں شمار ہونے لگی۔
دلجیت دوسانجھ نے ہانیہ عامر کے بارے میں کیا کہا؟
دلجیت دوسانجھ نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بھی بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں کو ایک ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع نہیں ملا، لیکن ہانیہ انتہائی پروفیشنل اداکارہ ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔
دلجیت نے ہانیہ کے کام کے لیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر شخص کی نجی زندگی کا احترام کرتے ہیں، خصوصاً خواتین کو ان کی ذاتی حدود اور پرائیویسی کا خیال رکھتے ہوئے مناسب جگہ دیتے ہیں۔
دونوں فنکاروں کی پہلی ملاقات اکتوبر 2024 میں لندن میں ہوئی تھی، جہاں ہانیہ عامر نے دلجیت دوسانجھ کے عالمی میوزک ٹور کے ایک شو میں شرکت کی تھی۔
اس موقع پر دلجیت نے ہانیہ کو اسٹیج پر مدعو کیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی کافی وائرل ہوئی تھی۔ اب فلم کی بھارتی او ٹی ٹی ریلیز کے بعد ایک بار پھر ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کا مشترکہ پروجیکٹ خبروں کی زینت بن گیا ہے۔