ایران جنگ نے امریکی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا، ٹرمپ شکست تسلیم کرکے شرائط مان لیں، محسن رضائی

ایران جنگ نے امریکی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا، ٹرمپ شکست تسلیم کرکے شرائط مان لیں،  محسن رضائی

مشرقِ وسطیٰ کی زوال پذیر صورتحال اور خطے کی بدلتی جیو پولیٹیکل فضا میں ایران اور امریکا کے درمیان زبانی جنگ ایک نئے اور فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئی ہے، ایران کے اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار محسن رضائی نے امریکا سے ایران کی 7 شرائط تسلیم کرتے ہوئے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 ایک طرف واشنگٹن جنگ کے خاتمے کا دعویٰ کر رہا ہے، تو دوسری جانب تہران نے امریکا پر ناکامی کا ٹھپہ لگاتے ہوئے تسلیمِ شکست اور ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

”واشنگٹن مایوس جواری بن چکا، ہار مان لے“

ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے سماجی رابطے کی سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے سخت ترین بیان میں امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کی پیش کردہ 7 شرائط تسلیم کرتے ہوئے ہتھیار ڈال دے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ پہلے ہی امریکی حکومت کی معاشی و سیاسی بنیادوں کو تباہ کر چکی ہے۔

محسن رضائی نے واشنگٹن پر فرضی مذاکرات کے حوالے سے جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کڑا طنز کیا ،  ان کا کہنا تھا کہ “واشنگٹن اب ایک مایوس جواری کی طرح آخری داؤ کھیلنے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے، بہتر یہی ہے کہ اب وہ اپنی شکست کا کھلے دل سے اعتراف کر لے۔

 یہ بھی پڑھیں :ٹرمپ بمقابلہ ڈیموکریٹس، سیاسی انتقام سے دھمکیوں تک الزامات کی جنگ شدت اختیار کرگئی

’نئے نظامِ مشرقِ وسطیٰ کا انکار ناممکن‘

ایرانی سلامتی کونسل کے سربراہ نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ واشنگٹن ان تمام شرائط کے آگے سر تسلیمِ خم کرے جو تہران بارہا پیش کر چکا ہے،  مغربی ایشیا (مشرقِ وسطیٰ) میں ایک نیا عالمی و علاقائی نظام جنم لے چکا ہے اور امریکا کو اس کی حقیقت تسلیم کر لینی چاہیے۔

ٹرمپ کا تنازع کے خاتمے اور سفارتی پیش رفت 

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا موقف ایرانی  بیانات سے بالکل برعکس ہے ، ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف تنازع کو عملاً ختم تصور کیا جائے اور اس سلسلے میں مثبت سفارتی پیش رفت ہو رہی ہے۔

 امریکی صدر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ حملوں اور عسکری ٹکراؤ کا امکان اب انتہائی کم رہ گیا ہے، تاہم ایرانی قیادت کے تازہ بیانات نے واشنگٹن کے ان سفارتی دعووں پر سوالیہ نشان ثبت کر دیے ہیں۔

editor

Related Articles