تصور کریں کہ آپ گھر سے نکلیں اور سڑکوں کے رش میں پھنسنے کے بجائے ایک اڑن کھٹولے میں بیٹھ کر منٹوں میں اپنی منزل پر جا اتریں ، سری لنکا میں یہ خواب اب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہا ہے۔
سری لنکا نے جدید فضائی سفری سہولیات کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے چینی کمپنی کو بغیر پائلٹ دو نشستوں والی الیکٹرک ایئر ٹیکسی کی آزمائشی پروازوں کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔
دارالحکومت کولمبو میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران سری لنکا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چینی مینوفیکچرنگ کمپنی ’ای ہینگ‘ (EHang) کو آزمائشی پروازوں کا لائسنس جاری کیا۔
کمپنی نے اپنے جدید خودکار طیارے ’ای ایچ 216-ایس‘ (EH216-S) کی مختصر آزمائشی پرواز بھی کی، جس میں سری لنکا کے وزیر برائے پورٹس و ایوی ایشن انورا کروناتھلاکا اور ان کے نائب جانیتھا روان کوڈیتھواکو نے اولین مسافروں کے طور پر سفر کر کے تاریخ رقم کی۔
یہ جدید طیارہ بغیر پائلٹ کے مکمل خودکار نظام کے تحت کام کرتا ہے اور ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی طور پر پرواز کرنے اور اترنے (VTOL) کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پرواز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر جانیتھا روان کوڈیتھواکو نے کہا کہ سری لنکا اب ان ایک درجن سے زائد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو شہری آمدورفت کے لیے مسافر ڈرون سروس متعارف کرانے کی دوڑ میں شریک ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تجارتی بنیادوں پر اس سروس کے باقاعدہ آغاز سے قبل حفاظتی اور تکنیکی معیار پرکھنے کے لیے آزمائشی پروازوں کا سلسلہ تقریباً پانچ ماہ تک جاری رہ سکتا ہے۔
منصوبے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ سروس ہوائی اڈے اور کولمبو کے مرکزی کاروباری علاقے کے درمیان شروع کی جائے گی، جس کا زمینی فاصلہ کار کے ذریعے طے کرنے میں عموماً آدھا گھنٹہ لگتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا جہاز میں پاور بینک چارج کیا جا سکتا ہے؟ مسافروں کیلئے اہم معلومات
