شہدا کی یادگار پر قہقہے لگانا پڑ گئے بھاری، امریکی وزیر دفاع کے ساتھ کیا ہوا

شہدا کی یادگار پر قہقہے لگانا پڑ گئے بھاری، امریکی وزیر دفاع کے ساتھ کیا ہوا

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو ایک تقریب کے دوران غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ گیا، جہاں آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں تعینات محافظ اہلکار نے انہیں اور ان کے ہمراہ موجود افراد کو خاموشی اور احترام برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ ویٹرنز ڈے کی تقریب میں شرکت کے لیے آرلنگٹن نیشنل قبرستان پہنچے تھے۔ اس موقع پر وہ اپنی اہلیہ اور عملے کے ارکان کے ساتھ نامعلوم سپاہی کی قبر کے سامنے تصاویر بنوا رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تصاویر بنوانے کے بعد وہاں موجود افراد کے قہقہے بلند ہوئے تو قبر کی حفاظت پر مامور اہلکار نے بلند آواز میں انہیں متنبہ کیا کہ اس مقام پر آنے والے تمام افراد خاموشی اختیار کریں اور احترام کا مظاہرہ کریں۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث آگیا، کیونکہ نامعلوم سپاہی کی قبر امریکی فوجیوں کی قربانیوں کی یادگار سمجھی جاتی ہے، جہاں خاموشی اور احترام کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی فون 18 کی قیمت کتنی ہوگی؟ ایپل کے نئے فونز کی تفصیلات سامنے آگئیں

مواخذے کی کوشش بھی ناکام

دوسری جانب امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو سیاسی محاذ پر بھی ایک اہم چیلنج کا سامنا رہا، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ان کے مواخذے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش کی تھی۔ تاہم صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اس کوشش کو ری پبلکن ارکان کی حمایت حاصل نہیں ہوئی اور سوائے تھامس میسی کے دیگر ری پبلکن ارکان نے وزیر دفاع کی حمایت میں ووٹ دیا۔

ٹرمپ نے اس موقع پر اپنی انتظامیہ کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وینزویلا اور ایران سے متعلق اقدامات اور فوج میں ریکارڈ بھرتیوں کو بھی پیٹ ہیگسیتھ کی حمایت کی وجوہات قرار دیا۔

یوں ایک جانب امریکی وزیر دفاع کو آرلنگٹن قبرستان میں ایک غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تو دوسری جانب واشنگٹن میں ان کے سیاسی مستقبل اور مواخذے کی کوشش بھی خبروں کا موضوع بنی رہی۔

editor

Related Articles