پشاور میں امن و امان کی فضا مستحکم رکھنے اور شہریوں سمیت پولیس اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
پشاور میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور شہریوں سمیت پولیس اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کی زیرِ صدارت رات گئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس نفری میں اضافے، سرکاری تنصیبات اور اہم مقامات کی سکیورٹی کا ازسرِنو جائزہ لینے سمیت حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں کے تھانوں، چوکیوں، چیک پوسٹوں اور حساس مقامات کا ازسرِنو سکیورٹی آڈٹ کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خامی کی بروقت نشاندہی کر کے اسے فوری طور پر دور کیا جا سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس عمارتوں کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی اور دستیاب نفری کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے، اور جہاں ضرورت ہو وہاں اہلکاروں کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ ڈیوٹی پر مامور جوانوں کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : احتجاجی سیاست سے نجات ! پشاور کے پشتہ خرہ انڈر پاس پر کام تیز، خیبرپختونخوا میں ترقی کے نئے دور کا آغاز
سکیورٹی حصار کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے سی سی پی او نے تمام تھانوں اور چوکیوں میں سی سی ٹی وی اور تھرمل کیمروں کی تنصیب اور ان کی ہمہ وقت فعالیت یقینی بنانے کا حکم دیا۔
مزید برآں، انہوں نے پولیس عمارتوں کی چاردیواری اونچی کرنے، حفاظتی رکاوٹیں (بیگز) نصب کرنے اور داخلی و خارجی راستوں کو مزید محفوظ بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
ڈاکٹر میاں سعید نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ سرکاری تنصیبات اور اہم عمارتوں کی سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے تمام افسران کو احکامات پر من و عن عمل درآمد کرتے ہوئے تین روز کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔