چین کے مشہور آن لائن شاپنگ فیسٹیول ’ڈبل الیون‘ کے دوران ایک ایسا حیران کن سودا سامنے آیا ہے جس نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ چین میں ایک مکمل فلیٹ محض 11 یوان میں فروخت ہوا، جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت تقریباً 458 روپے بنتی ہے۔
یہ فلیٹ چین کے صوبے ہیلونگ جیانگ کے شہر ہیگانگ میں واقع ہے۔ 68 مربع میٹر رقبے پر مشتمل اس رہائشی یونٹ میں2 بیڈ روم ہیں اور یہ ایک عمارت کی ساتویں منزل پر موجود ہے۔
فلیٹ کو ڈبل الیون فیسٹیول کے موقع پر ایک آن لائن ای کامرس کمپنی کے ذریعے نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ نیلامی کا آغاز صرف ایک یوان سے ہوا اور بالآخر بولی 11 یوان تک پہنچ گئی۔ پلیٹ فارم کے ریکارڈ کے مطابق اس منفرد نیلامی میں 1667 افراد نے حصہ لیا، جبکہ بولی لگانے کا عمل 5 نومبر کو مکمل ہوا۔
نیلامی میں کامیاب ہونے والے خریدار کا تعلق مشرقی چین کے ایک صوبے سے ہے، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ لائیو اسٹریم کے دوران اس نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا ہیگانگ منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، لیکن وہ یہ فلیٹ اپنے پاس رکھے گا تاکہ وہاں چھٹیاں گزار سکے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلیٹ کی قیمت صرف 11 یوان ہونے کے باوجود خریدار کو اس کی ملکیت اپنے نام منتقل کرانے کے لیے مزید 2 ہزار یوان ادا کرنا ہوں گے۔ دوسری جانب جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق مقامی ایپس کے اندازوں کے مطابق شہر میں استعمال شدہ فلیٹس کی عمومی قیمت تقریباً 40 ہزار یوان ہے۔
نیلامی کا انتظام کرنے والے ادارے کے ایک منیجر کے مطابق یہ سودا ڈبل الیون کی تشہیری مہم کے تحت ایک آن لائن ای کامرس کمپنی کے ساتھ طے پایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلیٹ کی اصل قیمت اور نیلامی میں حاصل ہونے والی رقم کے درمیان فرق متعلقہ کمپنی ادا کرے گی۔
یوں صرف 11 یوان میں فلیٹ کی نیلامی نے چین کے ڈبل الیون شاپنگ فیسٹیول کو ایک بار پھر خبروں کی زینت بنا دیا ہے۔