35 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح مظہر ہے گورنر فیصل کریم کنڈی

35 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح مظہر ہے گورنر فیصل کریم کنڈی

خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 35 دہشت گرد ہلاک، گورنر فیصل کریم کنڈی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، پاکستان دشمن عناصر اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دے دیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 35 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں ان کی پیشہ ورانہ مہارت، غیر معمولی بہادری اور قومی عزم کا واضح مظہر ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔

اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز اس بات کا اظہار ہیں کہ سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔


یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا حکومت کا ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 1500 کلو مضرِ صحت گوشت، 2550 کلو جعلی شہد اور بدبودار تیل تلف کر دیا

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے عناصر ملک میں بدامنی پھیلانے، عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور ریاستی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں ان کے عزائم کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی کو بھی سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کا ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر بروقت کارروائیوں سے نہ صرف دہشت گرد نیٹ ورکس کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ ممکنہ تخریبی کارروائیوں کو روکنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی جنگ نہیں بلکہ پوری قوم اس جدوجہد میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے قومی اتحاد، اداروں کے درمیان تعاون اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہنا ناگزیر ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles