ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران امن مذاکرات سے ہٹا کر امریکا کے داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ہدایت کر دی

ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران امن مذاکرات سے ہٹا کر امریکا کے داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ہدایت کر دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کے حوالے سے اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اب ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں۔ دوسری جانب انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کے بجائے امریکا میں داخلی معاملات، خصوصاً ڈیموکریٹس کے زیر انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم، فراڈ اور کرپشن کے خلاف مہم پر مکمل توجہ دینے کی ہدایت کردی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ نائب صدر جے ڈی وینس ایک سینئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ براہ راست امن مذاکرات کے امکان پر غور کر رہے تھے۔ جے ڈی وینس ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے تھے، تاہم صدر ٹرمپ کی تازہ ہدایت سے بظاہر انہیں ان کوششوں سے الگ کردیا گیا ہے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، وہ وقت گزر چکا ہے۔ ان کے بقول امریکا کے پاس ایران کے سیکڑوں ارب ڈالر کے اثاثے اور آبنائے ہرمز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جے ڈی وینس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس کے بجائے امریکا کے اندرونی مسائل پر توجہ دیں، خصوصاً ڈیموکریٹس کے زیر انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ فراڈ اور مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف مہم کی قیادت کریں۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ بڑے پیمانے پر جاری مبینہ مجرمانہ سرگرمیوں اور فراڈ کا خاتمہ کرکے امریکی بجٹ کو تیزی سے متوازن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ڈیموکریٹ قیادت پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن ان کی قیادت کے خون میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو اور میں نظام کی ری سیٹنگ پر تقریباً ایک پیج پر ہیں، صرف سیاست نہیں پورا سسٹم ری سیٹ ہونا چاہیے: محسن نقوی

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے تازہ بیان سے ایران کے معاملے پر ان کے سابقہ مؤقف میں واضح تبدیلی دکھائی دیتی ہے۔ حالیہ ہفتوں میں امریکی صدر یہ عندیہ دیتے رہے تھے کہ ایران امریکی انتخابات کے بعد معاہدے کے لیے زیادہ آمادہ ہوسکتا ہے، تاہم اب انہوں نے کسی معاہدے کی ضرورت ہی مسترد کردی ہے۔

دوسری جانب نائب صدر جے ڈی وینس گزشتہ ہفتے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد ایران جنگ سے متعلق اپنی مصروفیات سے پیچھے ہٹتے دکھائی دیے تھے۔ انہوں نے ایران کے ساتھ جنگ کو ریپبلکنز کی انتخابی شکست کی ممکنہ وجوہات میں سے ایک قرار دیا تھا۔

جے ڈی وینس کو 2028 کے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے اہم امیدواروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ایسے میں ٹرمپ کی جانب سے انہیں داخلی معاملات کی ذمہ داری سونپنے اور ایران سے متعلق سفارتی سرگرمیوں سے توجہ ہٹانے کی ہدایت امریکی انتظامیہ کی خارجہ اور داخلی ترجیحات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles