ترقی کا فریب، ڈھائی ارب کا مالاکنڈ روڈ پراجیکٹ پی ٹی آئی دور کی نااہلی کا کچا چٹھا کھول گیا

ترقی کا فریب، ڈھائی ارب کا مالاکنڈ روڈ پراجیکٹ پی ٹی آئی دور کی نااہلی کا کچا چٹھا کھول گیا

خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کے بعد جہاں ایک طرف ترقیاتی عمل کو نئی رفتار دی جارہی ہے  وہیں سابقہ پی ٹی آئی دورِ حکومت کے مبینہ ادھورے اور ناقص منصوبے زمینی حقائق کی صورت میں اب بھی عوام کا پیچھا نہیں چھوڑ رہے،  اس کی ایک بڑی مثال مالاکنڈ میں بٹ خیلہ خار سے قلنگئی تک جانے والی وہ مصروف شاہراہ ہے، جو ڈھائی ارب روپے کی خطیر لاگت کے باوجود آج کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہے۔

سابق صوبائی وزیرِ تعمیرات شکیل احمد خان کے دور میں شروع کیے جانے والے اس پروجیکٹ کے بارے میں مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک پہلے ہی مکمل طور پر فعال اور سفر کے قابل تھی۔ لیکن مبینہ طور پر محض کاغذی کارروائیوں اور غیر ضروری توڑ پھوڑ کی غرض سے تقریباً تین ماہ قبل اس اچھی بھلی سڑک کو اکھاڑ کر کھنڈر بنا دیا گیا، اور پھر کام ادھورا چھوڑ کر ٹھیکیدار و حکام غائب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں : کاغذوں سے نکل کر عملی تبدیلی کا آغاز! محکمہ تعلیم پشاور میں بڑے پیمانے پر اصلاحات اور فوری اقدامات کا حکم

تعمیراتی کام میں اس سست روی اور مجرمانہ غفلت کا خمیازہ روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں، مریضوں اور بالخصوص طلبہ کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ جگہ جگہ پھیلے گڑھے، اڑتی ہوئی دھول اور ٹوٹی پھوٹی سڑک اس شاہراہ پر سفر کرنے والوں کے لیے اذیت ناک بن چکی ہے، جس سے نہ صرف قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کی گاڑیاں بھی تباہ ہو رہی ہیں۔

علاقہ مکینوں نے سابقہ حکومتی پالیسیوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی خزانے کے اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود عوام کو ریلیف ملنے کے بجائے عذاب میں مبتلا کر دیا گیا۔

متاثرہ شہریوں نے موجودہ صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لے اور بٹ خیلہ خار تا قلنگئی سڑک کی تعمیرِ نو کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرا کے اس علاقے کو اس کربناک صورتحال سے نجات دلائے۔

یہ المیہ صرف ایک سڑک کا نہیں، بلکہ پی ٹی آئی کے اس سیاسی کلچر کا منہ بولتا ثبوت ہے جہاں عوامی فلاح کے نام پر اربوں روپے کے فنڈز محض کاغذی فائلوں اور سیاسی نمائش کی نذر کر دیے جاتے ہیں  عوامی سرمائے کو بے دردی سے لوٹنے اور غفلت کی چادر تان کر بیٹھ جانے والے ان عناصر کا کڑا محاسبہ ضروری ہے ۔

editor

Related Articles