پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ درفشاں سلیم کو ایک مداح نے ہاتھ سے تیار کردہ خصوصی تحائف بھیجے، جس پر اداکارہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ بھی ادا کیا، تاہم ساتھ ہی مداحوں کو ایک دلچسپ پیغام بھی دے دیا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر مداح کی جانب سے بھیجا گیا ایک خوبصورت نوٹ اور ہاتھ سے تیار کردہ تحائف کی تصاویر شیئر کیں۔ ان تحائف میں ستارے کی شکل کا سبز کارڈ، کوسٹرز اور دیگر منفرد اشیا شامل تھیں۔
مداح نے اپنے پیغام میں درفشاں سلیم کی اداکاری، اسکرین پر ان کی شخصیت اور وقار کی تعریف کی تھی۔
درفشاں سلیم نے مداح کی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ تحائف کی قدر کرتی ہیں، لیکن ان کی خواہش ہے کہ مداح انہیں قیمتی اشیا بھیجنے کے بجائے اپنے ہاتھ سے لکھا ہوا ایک چھوٹا سا پیغام بھیجیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی انہیں کچھ دینا چاہتا ہے تو صرف ایک ہاتھ سے لکھا ہوا نوٹ کافی ہے۔ وہ وعدہ کرتی ہیں کہ اسے ایک قیمتی یادگار سمجھ کر ہمیشہ اپنے پاس محفوظ رکھیں گی۔
واضح رہے کہ درفشاں سلیم ان دنوں ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ میں زریاب کا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جس میں ان کی اداکاری کو ناظرین کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
عمیرہ احمد کے تحریر کردہ اور ثاقب خان کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے میں شہریار منور، نمیر خان، صبا حمید، فاران طاہر اور دیگر فنکار بھی شامل ہیں۔
ڈرامہ ہر جمعہ اور ہفتہ رات 8 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جاتا ہے، جبکہ اس کی اقساط اے آر وائی پلس پر بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔