دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ اپنے ’ویو ونس‘ فیچر کو مزید بہتر بنانے جا رہی ہے۔ اس نئی تبدیلی کے بعد صارفین ایسے ٹیکسٹ پیغامات بھی بھیج سکیں گے جو وصول کرنے والا صرف ایک مرتبہ پڑھ سکے گا، جس کے بعد وہ پیغام چیٹ سے غائب ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ واٹس ایپ نے اگست 2021 میں تصاویر اور ویڈیوز کے لیے ’ویو ونس‘ فیچر متعارف کرایا تھا۔ اس کا مقصد صارفین کی نجی معلومات کو محفوظ رکھنا اور غیر ضروری میڈیا فائلز سے فون کی میموری بھرنے سے بچانا تھا۔
اب ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں اس فیچر کی توسیع پر کام کیا جا رہا ہے۔ نئے فیچر کے ذریعے صارفین ایسے ٹیکسٹ میسجز بھیج سکیں گے جو ایک مرتبہ کھولنے اور پڑھنے کے بعد خودبخود غائب ہوجائیں گے۔
اس سہولت کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ صارفین پاس ورڈ، وائی فائی لاگ اِن معلومات اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات جیسی حساس معلومات شیئر کرنے کے لیے اس کا استعمال کرسکیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس طرح بھیجے گئے پیغامات کو دوبارہ دیکھنا، کاپی کرنا، فارورڈ کرنا یا محفوظ کرنا ممکن نہیں ہوگا، جبکہ ان کے اسکرین شاٹس لینے پر بھی پابندی ہوگی۔
یہ فیچر واٹس ایپ کے پہلے سے موجود ’ڈس اپیئرنگ میسجز‘ سے مختلف ہوگا۔ ڈس اپیئرنگ میسجز میں پیغامات ایک مقررہ مدت کے بعد غائب ہوتے ہیں، جبکہ نئے ’ویو ونس ٹیکسٹ‘ فیچر میں صرف ایک مخصوص پیغام ایک مرتبہ پڑھے جانے کے بعد ختم ہوجائے گا۔
تاہم یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں زیرِ آزمائش ہے۔ عام صارفین کے لیے اس کی دستیابی اور باضابطہ اجرا کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔